سرینگر:مقبوضہ کشمیر: مودی کا دورہ وادی :توار کو مکمل ہڑتال کا اعلان ،اطلاعات کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے خلاف24اپریل بروز اتوار مکمل ہڑتال کی جائیگی جس کا مقصد غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے تاکہ بھارتی وزیر اعظم کو یہ واضح پیغام دیاجاسکے کہ کشمیری جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے اور وہ اپنی جدوجہد آزادی کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے موقع پر آزاد جموںو کشمیر اور دنیا بھر کے اہم دارلحکومتوں میں مقیم تارکین وطن کشمیری مقبوضہ جموں کشمیرمیں گھناﺅنے بھارتی جرائم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔

قابض بھارتی انتظامیہ نے مودی کے دورے سے قبل مقبوضہ وادی کشمیر اور جموں خطے میں پابندیوں اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔ مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میںنام نہاد سیکورٹی کے نام پر بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔نریندر مودی 24اپریل کو مقبوضہ علاقے کا ایک روزہ دورہ کریںگے۔

ادھربھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسٹ (سی پی آئی-ایم) نے نوجوانوں کی مسلسل گرفتاری اور انہیں ہراساں کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سی پی آئی ایم کے رہنما غلام نبی ملک نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں نے نوجوانوں اور حکام کے درمیان صرف ایک دراڑ پیدا کی ہے اور صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں بے حد بے اطمینانی پیدا ہوئی ہے جس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نوجوان پہلے ہی بہت سے چیلنجوں سے نمٹ رہے ہیں جن میں روزگار کے مواقع کی کمی اور دیگر مسائل شامل ہیں اورایسے حالات میں انہیںبلاوجہ ہراساں اور گرفتار کرنا انہیں مزید دیوار سے لگا دینے کے متراد ف ہے۔

Shares: