احمدپورشرقیہ کوضلع اور اوچ شریف کوتحصیل بنوانے کیلئے تمام سیاسی اکابرین اتحاد قائم کریں،مشترکہ بیان

اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان ) تمام سیاسی اکابرین کا تحصیل احمد پورشرقیہ کو ضلع اور اوچ شریف کو تحصیل کا درجہ دلوانے کیلئے باہمی اتحاد قائم کریں مشترکہ بیان –

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے شہریوں اظہر علی دانش، ڈاکٹر ضیاء الحق بڈانی، سید مجتہد رضوی ،محمدساجدخان، احمد حسن اعوان، میاں محمد عامر صدیقی، حبیب خان، خواجہ غلام شبیر ،عامر غنی خان لنگاہ ،ملک محمد یعقوب ککس، مظہر خان پتافی، شمس نذیر خان نے اپنے مشترکہ بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ سابقہ حکومتوں نے تحصیل احمد پور شرقیہ کو ضلع اور اوچ شریف کو تحصیل بنانے کا وعدہ کیا تھا

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سابقہ حکومتوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب جنوبی پنجاب پر بڑے مہربان ہوکر چھوٹی چھوٹی تحصیلوں کو ضلع کا درجہ دے کر دیگر ضلع کا حق رکھنے والی تحصیلوں کے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی تھی حالانکہ اس وقت صوبہ پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل احمدپورشرقیہ جو کہ ریاست بہاولپور کی ایک ایسی آماجگاہ جہاں نواب سرصادق محمد خان عباسی کی رہائش گاہ ڈیرہ نواب صاحب بھی ہے۔ شاہی محل اور قریب ہی قلعہ ڈیراور واقع ہے جہاں پر دنیا بھر سے سیاح اس قلعہ کو دیکھنے کیلئے آتے ہیں۔

تحصیل احمدپورشرقیہ آبادی اور رقبے کے لحاظ سے بڑی تحصیل کا درجہ رکھتی ہے اور اس تحصیل کو ضلع بنائے جانے کے بعد اس تحصیل کے دیگر شہر اوچشریف، مبارکپور،چنی گوٹھ سمیت چولستان کو ضلع احمد پور شرقیہ کی تحصیلیں بنا کر ریاست اوراسکی عوام کو اس کا دیرینہ حق دیا جاتا۔ لیکن ایسا نہ ہوا۔

انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ احمد پور شرقیہ کو ضلع اوچ شریف کو تحصیل کا درجہ نہ ملنا نہایت نا انصافی ہے انہوں نے کہا کہ اوچ شریف اولیاء اللہ کا قدیمی شہر ہے جس میں سوا لاکھ اولیاء کرام کی مزارات ہیں انہوں نے کہا کہ چار مربع میل سے زائد رقبے پر پھیلے اُوچ شریف کی آبادی ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے،

یہ سب تحصیل 11 یونین کونسلوں، 40 مواضعات، 3 پولیس اسٹیشنز، 3 قانون گوئی سرکل، 3 رورل ہیلتھ سنٹرز، ایک بوائز ڈگری کالج، ایک گرلز ڈگری کالج، ایک بوائز ہائیر سیکنڈری سکول، ایک گرلز ہائیرسکنڈری سکول، 6بوائز ہائی سکولز،3گرلز ہائی سکولز، 11 ایلیمنٹری سکولز، 49 پرائمری سکولز، 9 بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز، دوگرڈ اسٹیشنز اور ایک ٹیلی فون ایکسچینج ریسکیو دفتر پر مشتمل ہے، سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی کی طرف پورے ملک میں قائم 5 کوٹنگ پلانٹس میں سے ایک اُوچ شریف میں قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب تحصیل اُوچ شریف میں طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے سیریس مریضوں کو احمد پور شرقیہ یا بہاول پور ریفر کر دیا جاتا ہے، جو وہاں پہنچتے پہنچتے راستے میں ہی مر کھپ جاتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل بننے کیلئے ضروری تمام سرکاری انفراسٹریکچررکھنے کے باوجود اوچ شریف کوتحصیل کا درجہ نہ ملنا عوام کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی کی بات ہے،

انہوں نے کہا کہ بس سٹاپ کا درجہ رکھنے والے قصبوں کو حکومت نے سیاسی بنیادوں پر تحصیل کا درجہ دے کر اُوچ شریف کے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے لہذا کوٹ خلیفہ، دھوڑکوٹ اور چنی گوٹھ کو ساتھ ملا کر اُوچ شریف کو فوری طور پر تحصیل کا درجہ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبہ بحالی کے حکومتی بلند و بانگ دعوے میں گھرے اس خطہ کے باسی اپنے حقوق پر شب خون مارنے والوں کے خلاف کسی مسیحا کے منتظر ہیں

Leave a reply