اوچ شریف:پنجند کینال کے کناروں سے سرکاری درختوں کاصفایا ہونے لگا

محکمہ جنگلات و انہار اور ہیڈ پنجند ایکسئین کے ملازمین اور ٹمبر مافیا کی ملی بھگت سے انتہائی قیمتی اور گھنے جنگل چٹیل میدان بننے لگے

اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان ) پنجند کینال کے کناروں سے سرکاری درختوں کاصفایا ہونے لگا،محکمہ جنگلات و انہار اور ہیڈ پنجند ایکسئین کے ملازمین اور ٹمبر مافیا کی ملی بھگت سے انتہائی قیمتی اور گھنے جنگل چٹیل میدان بننے لگے

بہاولپور کی سب تحصیل اوچ شریف میں واقع پنجند کینال آرائیں والی پل تا بیاسی ہزار پل تک قبضہ وٹمبر مافیا کا راج، سرسبز درختوں کی کٹائی جاری، ٹمبر مافیا کے سر غنو ں کی نگرانی میں کھلے عام جنگلات کاٹے جا رہے ہیں ، محکمہ ایریگیشن کی زرعی زمینوں پر قبضہ مافیا کا راج سبز اور قیمتی درختوں کی بے در یغ کٹائی عروج پر پہنچ گئی

ذرائع کے مطابق اوچ شریف نہروں پر درختوں کی بے دریغ کٹائی سمگلنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ،محکمہ جنگلات محکمہ ایریگیشن اور ہیڈورکس کے ملازمین اور ٹمبر مافیا کی ملی بھگت اور رشوت سے انتہائی قیمتی اور گھنے درخت چٹیل میدان بنتے جارہے ہیں،

قبضہ مافیا کی جانب سے سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے کاشتکاری کا سلسلہ جاری و ساری ہے ۔ٹمبر مافیا کے سر غنو ں کی نگرانی میں دن بھر نہر کناروں پر آرا مشین اور کٹر کی مدد سے درخت کاٹے جا رہے ہیں اور خر یدو فروخت کا سلسلہ جاری ہے ۔

بارہا حکام بالا کو باور کرانے کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ،ٹمبر مافیا اور محکمہ جنگلات کے ملازمین کی ملی بھگت سے درختوں کی تباہی میں مصروف عمل ہیں ،عوامی شکایات کے باوجود محکمہ کے افسران بالا خواب غفلت میں مدہوش ہیں، ٹمبر مافیا کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے گریزاں ہیں اورسرسبزپاکستان کے دعوے کھوکھلے اور ہوائی ثابت ہو رہے ہیں،

عوامی وا ویلا کے باوجود ابھی تک کسی ملزم کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جبکہ درختوں کا قتل عام حکومت اور متعلقہ محکمہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔

جنگلات کی غیر قانونی کٹائی سے ایک طرف قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے اور دوسری طرف ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے کئی سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں

شہریوں نے ڈی سی بہاول پور اورڈی سی مظفرگڑھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محکمہ جنگلات ،محکمہ انہار کی ملی بھگت سے درختوں کی بڑی تعداد میں کٹائی کا فوری نوٹس لیں اور محکمہ کی جانب سے چوروں کے خلاف فرضی کاروائیوں کی رپورٹس اور سب اچھا کی رپورٹس پر ہر گز یقین نہ کریں بلکہ اس گھناؤنے کاروبارمیں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کریں

ضلعی انتظامیہ بہاول پور اور مظفرگڑھ سے مؤقف کیلئے رابطہ کیا گیا تو دونوں ضلعی انتظامیہ ایک دوسرے پر ملبہ ڈالنے لگے ،ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ سے موقف لیا تو انہوں نے اپنے موقف میں کہا کہ یہ ضلع بہاولپور میں آتا ہے جبکہ ضلع بہاولپور والے اپنے موقف میں کہا کہ ضلع مظفرگڑھ کی حدود ہے.

Leave a reply