اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) تھانہ شاہبھور پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرغنہ سمیت تین رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت کے احکامات کی روشنی میں ڈی ایس پی صدر سرکل ناصر چیمہ کی نگرانی میں ایس ایچ او شاہبھور میاں محمد سلیم سکھیرا، راؤ محمد مجاہد انچارج انویسٹی گیشن، چوہدری محمد حفیظ چدھڑ چوکی انچارج اور محمد طارق اے ایس آئی پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر عاطی ڈکیت گینگ کے 3 ارکان کو گرفتار کیا۔ گینگ میں سرغنہ عاطف عرف عاطی، مبشر اور داؤد شامل ہیں۔ ملزمان نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 7 لاکھ روپے سے زائد نقدی، موبائل فونز اور اسلحہ برآمد کیا۔ ڈی پی او راشد ہدایت نے شاہبھور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔