پاکستان میں پہلی سے پانچویں جماعت تک کے لئے یکساں نصاب تعلیم تیار،2021 سے نافذ العمل ہوجائے گا

0
37

اسلام آباد:پاکستان میں پہلی سے پانچویں جماعت تک کے لئے یکساں نصاب تعلیم تیار،2021 سے نافذ العمل ہوجائے گا،اطلاعات کے مطابق ملک بھر میں یکساں تعلیم رائج کرنے کے حوالے سے پہلا مرحلہ مکمل، پہلی سے پانچویں جماعت تک کے لئے نصاب تیار کر لیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں انھیں یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کے حوالے سے ٹائم فریم پیش کر دیا گیا ہے۔ نصاب کی تشکیل کے حوالے سے کیمبرج، آغا خان اور لمز سے معاونت حاصل کی گئی ہے۔پہلی سے پانچویں جماعت کا یکساں نصاب مارچ 2021ء، چھٹی جماعت سے آٹھویں تک کا نصاب مارچ 2022ء اور کلاس نہم سے بارھویں تک کا قومی نصاب مارچ 2023ء تک مکمل طور پر رائج ہو جائے گا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی یکساں نصاب تعلیم میں نبی پاک ﷺ کی سیرت مبارکہ شامل کی جائے جبکہ قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار کو بھی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے۔ یکساں نصاب تعلیم کا مقصد نئی نسل کو جدید دور کے تقاضوں اور چیلنجز کے لئے تیار کرنا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشرتی اقدار کو اجاگر کیا جائے تا کہ بحثیت قوم ہمارا تشخص اجاگر ہو۔ نصاب کی کتابوں کی اشاعت کے حوالے سے مافیا کے عمل دخل کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔

عمران خان نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت یکساں نصاب تسلیم کو رائج کرنے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو کرونا کے پیش نظر تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ وزارتِ تعلیم نے پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے سات گھنٹوں کی تعلیمی نشریات کا اہتمام کیا ہے۔ ان نشریات کا مقصد طلبہ کو گھروں پر رہتے ہوئے اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مدد دینا ہے۔

Leave a reply