آن لائن کمپنی دراز کا مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں آن لائن کمپنی دراز گروپ کے سی ای او نے مزید سرمایہ کاری اورای کامرس کی توسیع میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آن لائن کمپنی دراز گروپ کے سی ای او بجارک میکلسن کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں شوکت ترین، چیئرمین ایس ٹی زیڈ اے جناب عامر ہاشمی شریک تھے۔ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ای کامرس کیلئے بہت وسیع مارکیٹ رکھتا ہے، ای کامرس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار میں آسانی پالیسی کے تحت مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے، جس پر کمپنی سی ای او نے مزید سرمایہ کاری اورای کامرس کی توسیع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

اِس ملاقات کا خاص موضوع ڈیجیٹلائزیشن رہا، جسے سرکاری ایجنڈے میں کلیدی اہمیت حاصل ہے اوریہ کہ حکومت اور ای کامرس سے تعلق رکھنے والے کاروباری ادارے کس طرح مل کر کام کرسکتے ہیں تاکہ ملک کی اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے ساتھ روزگار کے لاکھوں مواقع بھی پیدا کیے جا سکیں۔

دراز چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو ٹیکنالوجی، ٹریننگ اور بڑے کسٹمرز تک رسائی کے طریقوں کے بارے میں تعلیم دے کر اْن کی ترقی میں مدد کر سکتا ہے۔ بات چیت کے دوران دراز نے وزیر اعظم کواپنے ویژن کے بارے میں بتایا جس کے تحت، آئندہ دو برسوں کے دوران اس پلیٹ فارم پر ای-کامرس کے بارے میں تربیت یافتہ SMEs کی تعدار بڑھ 300,000 ہو جائے گی جبکہ روزگار کے کل مواقع دس لاکھ ہوجائیں گے اور اس طرح روزگار کے ایک کروڑمواقع پیدا کرنے کے لیے وزیر اعظم کا ایجنڈا پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

دراز گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر،بیارکے میکلسن نے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کے ساتھ اِس ملاقات کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور بتایا کہ درازکس طرح حکومت کے ساتھ شراکت میں کام کر سکتا ہے۔ملاقات کے دوران میکلسن نے کہا:”ایک کمپنی کے طور پر ہمارا مقصد اْن کمیونٹیز کو ترقی دینا ہے جہاں ہم کام کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ہمیں توقع ہے کہ حکومت کے ساتھ اپنے مضبوط عملی تعلقات کے ذریعے یہ بات یقینی بنائیں گے کہ اْن کے مقاصد کو پورا کر سکیں۔“

یاد رہے رواں سال اگست میں پاکستانی ای کامرس کمپنی دراز کے نمائندوں نے شوکت ترین سے ملاقات کی تھی ، اس موقع پر شوکت ترین کا کہنا تھا کہ دراز جیسے پلیٹ فارم کی معاونت سے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ اس طرح کی مشترکہ کوششوں سے ملک میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔

Comments are closed.