شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی)ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اصغر علی جوئیہ کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے مین بازار میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا جس کی نگرانی سی او میونسپل کارپوریشن احسن عنایت سندھو نے کی میونسپل کارپویشن کا عملہ اور پولیس کی بھاری نفری ان کے ہمراہ تھی
جبکہ دوسری جانب تاجر برادری صدر مرکزی انجمن تاجران میاں ذیشان پرویز اور سینئر نائب صدر چوہدری احمد خورشید بھائی کی قیادت میں سراپا احتجاج بن گئی اور میونسپل کارپوریشن کے خلاف نعرے بازی کی، تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے میاں ذیشان پرویز اور احمد خورشید چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی شیخوپورہ نے تاجر برادری کو بغیر نوٹس اور تاجر رہنماؤں کو اعتماد میں لئے بغیر یہ غیر آئینی آپریشن شروع کیا،
مین بازار اور چھتری چوک میں کسی کو ایم سی کی طرف سے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا اس کے بغیر دکانداروں کے سائن بورڈز کو توڑ دیا گیا ہے، دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ہم اس غیر آئینی اقدام کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، تاجر برادری پہلے ہی کاروبار نہ ہونے کی بناء پر پریشان حال ہے اوپر سے تجاوزات کی آڑ میں تاجروں کو تنگ کیا جارہا ہے جو قابل مذمت ہی نہیں بلکہ قابل گرفت اقدام ہے،انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اصغر علی جوئیہ سے تاجر برادری نے ہمیشہ تعاون کیا مگر اچانک آپریشن بااثر سیاسی شخصیت کی ایماء پر کیا گیا ہے اور اس غیر آئینی آپریشن سے نہ صرف آج کاروبار زندگی متاثر ہوا ہے بلکہ تاجر برادری کا لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہوا ہے
موجودہ حکومت کی تاجر دشمن پالیسیوں سے نہ ہی ملک معاشی طور پر مضبوط ہوسکتا ہے نہ ہی سیاسی استحکام آسکتا ہے، کسی صورت ایم سی کو غنڈہ گردی کرنے نہیں دیں گے اس موقع پر جنرل سیکرٹری ملک پرویز اقبال، نائب صدر شیخ عظیم جاوید اور دیگر تاجر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔