اپوزیشن کے سینیٹرز کے حکومت سے رابطے، وفاقی وزیر ہوا بازی کا انکشاف

0
85

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے اپوزیشن کے سینیٹرز سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے، غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کچھ بھی کرلے تابوت میں آخری کیل ہم ہی ٹھونگیں گے.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن صادق سنجرانی کا احترام کرے ہم ڈپٹی چیئرمین کا احترام کریں گے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی عدم اعتماد کی ہرتدبیرناکام بنائیں گے،اس حوالہ سے حکمت عملی بنالی ہے.

غلام سرور خان نے مزید کہا کہ اپوزیشن کےکئی ارکان خفیہ رائےشماری میں خداخوفی کریں گے ،اپوزیشن رہنما اس وقت سیاسی ناپختگی کا مظاہرہ کررہی ہے ،چیئرمین سینیٹ کا رویہ ہمیشہ اپوزیشن کے حق میں بھی رہا،کل ریکوزیشن اجلاس ہے ہوسکتاہےعدم اعتماد کی تحریک پیش نہ ہو،زیربحث ہو.

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن سمیت اپوزیشن میں ہمارےکئی باشعوردوست ہیں، اپوزیشن جماعتوں کے کئی لوگ کہہ رہے ہیں یہ کام ٹھیک نہیں ہے،سب سے پہلے ادارے کا احترام ہونا چاہئیے،

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتیں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروا چکی ہیں، اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ کے لئے حاصل بزنجو کو امیدوار نامزد کیا ہے، اب تحریک انصاف نے ڈپٹی چئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لئے تحریک جمع کروا لی ہے . اس سلسلہ میں حکومت کی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے .

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی سینیٹرز سے واضح طور پر کہا ہے کہ ہم نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو ہر صورت ناکام بنانا ہے اور جس طرح بجٹ‌ منظوری کے حوالہ سے اپوزیشن جماعتوں‌ کو کامیاب نہیں‌ ہونے دیا گیا اسی طرح سینیٹ چیئرمین کے خلاف ان کی تحریک عدم اعتماد بھی کسی صورت کامیاب نہیں‌ ہونے دی جائے گی.

اپوزیشن نے صادق سنجرانی کو ہٹانے کی قرارداد اور سینیٹ کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرائی۔ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو نئے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔

Leave a reply