"یوں لگتا ہے جیسے وقت تھم گیا ہو” چند گھنٹے قبل ٹویٹ کرنے والے طارق عزیز کیلئے وقت تھم گیا از طہ منیب

0
24

"یوں لگتا ہے جیسے وقت تھم گیا ہو” چند گھنٹے قبل ٹویٹ کرنے والے طارق عزیز کیلئے وقت تھم گیا از طہ منیب

خواہش تھی کہ طارق عزیز مرحوم کے ساتھ ملاقات ہو، بس سستی کی وجہ سے ملاقات رہ گئی، جانے والے کہاں رکتے ہیں، انکے پروگرام نیلام گھر سے بچپن کی یادیں وابستہ ہیں، کیا خوبصورت، ادب، معلومات ، مزاح سے بھرپور پروگرام ہوتا تھا جو دہائیوں تک یاد رہے گا۔ اپنے مخصوص انداز "دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام پہنچے” سے پروگرام کا آغاز کرنے والے طارق عزیز آج کچھ دیر قبل چل بسے۔ 1936 کو جالندھر میں پیدا ہوئے ، قیام پاکستان پر پاکستان تشریف لائے ، اداکار ، میزبان ، ادیب ، سیاستدان جیسے متعدد کرداروں کے حوالے پہچان بنائی۔ بڑی سنجیدہ اور باوقار شخصیت کے مالک تھے۔

ابو نے 1997 کی الیکشن مہم کا ایک واقعہ سنایا کہ الیکشن سے قبل نواز شریف کا دورہ ملتان تھا، جلسہ گاہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ، میں بھی اس جلسے میں تھا ، طارق عزیز کی دس منٹ کی تقریر نے مجمع جما بھی دیا تھا اور تقریر ختم ہوتے ہی پنڈال خالی ہونا شروع ہوگیا جیسے عوام نواز شریف نہیں طارق عزیز کو سننے آئی ہو، جبکہ نواز شریف سٹیج پر موجود تھے، نواز شریف کی اپیل پر طارق عزیز دوبارہ مائک پر آئے کچھ منٹ مزید گفتگو کی۔

پی ٹی وی کی نشریات کے آغاز کا اعزاز آپکو حاصل ہے، طارق عزیز نے 1974 میں نیلام گھر نامی کوئز پروگرام کا آغاز کیا جو تقریباً چار دہائیوں تک جاری رہا۔ 1997 تا 1999 مسلم لیگ کی طرف سے دو سال ایم این اے بھی رہے۔ اٹھارہ گھنٹے قبل ٹویٹر پر ٹویٹ کی کہ یوں لگتا ہے جیسے وقت تھم گیا ہے اور اٹھارہ گھنٹوں بعد واقعی وقت تھم گیا۔ موت ایک حقیقت ہے، سال دو ہزار بیس بہت جان لیوا ثابت ہوا ہے، جہاں لوگوں کی بڑی تعداد وبا کی وجہ سے موت کی آغوش میں گئی وہاں بڑے بڑے نام بھی اس سال داغ مفارقت دے گئے ، طارق عزیز مرحوم بھی انہیں میں سے ایک ہیں ، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔ آمین

Leave a reply