عثمان بزدار حکومت اور پنجاب حصہ اول۔ تحریر : راجہ حشام صادق

0
68

اسلامی جمہوریہ پاکستان میں صوبہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے۔ بدقسمتی سے کوئی صحیح قیادت اور کوئی معاشی منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے صوبہ برسوں سے معاشی بدحالی کا شکار رہا ۔ 2018 میں باشعور عوام نے تبدیلی کو ووٹ دیا اور تحریک انصاف کی حکومت معرض وجود میں آئی۔

تحریک انصاف کے سربراہ اور موجودہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے اس سب سے بڑے صوبے کی قیادت ایک پس ماندہ اور محروم علاقے سے تعلق رکھنے والے کم گو لیکن اپنے کام کو فرض سمجھ کر کرنے والے شخص عثمان بزدار کے حوالے کر دی۔ جی ہاں وہی عثمان بزدار جن پر ہر طرف سے تنقید کے نشتر چلائے گئے لیکن ان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے انہوں نے بڑی محنت اور لگن سے صوبہ پنجاب کی تقدیر بدلنے کے لیے دن رات ایک کر دئیے۔

صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے اور حقیقی معنوں میں وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان کے نئے پاکستان بنانے کی بنیاد صوبہ پنجاب بن رہا ہے۔

آئیے صوبہ پنجاب کی معاشی حالت درست کرنے اور عوام کو بہتر روزگار کی فراہمی کے لیے کئے گئے عثمان بزدار حکومت کے چند اہم اقدامات پر نظر ڈالتے ہیں۔موجودہ حکومت سے قبل پنجاب میں کوئی جامع صنعتی پالیسی نہیں تھی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں سب سے پہلے ایک جامع صنعتی پالیسی لانے کے اقدامات کئے اور پنجاب کو پہلی صنعتی پالیسی دی۔ اس صنعتی پالیسی کے تحت پنجاب میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔
 
روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے انڈسٹریز لگانے پر نظر ڈالیں تو عثمان بزدار حکومت اس وقت تک 8 نئے سپیشل اکنامک زونز بنا چکی ہے جبکہ 4 پرانے انڈسٹریل اسٹیٹس کو اپ گریڈ کر کے ان کو انڈسٹریل زونز کے سٹیٹس بھی دیا جاچکا ہے۔
پنجاب کے شہر فیصل آباد میں قائم کیا جانے والا علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 3217ایکڑ پر قائم کیا گیا ہے جس سے براہ راست 4لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔ جبکہ مجموعی طور پر 10لاکھ افراد کےلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں موٹروے کے نزدیک 1536 ایکڑ رقبے پر مشتمل پاکستان کے پہلے سمارٹ اکنامک زون قائداعظم بزنس پارک کے منصوبے کا بھی آغاز ہو چکا ہے۔ اس پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس پراجیکٹ سے روزگار کے اڑھائی لاکھ مواقع پیدا ہونگے۔

 عثمان بزدار حکومت نے صوبے کی مختلف شہروں میں جیسے بھلوال، رحیم یار خان اور وھاڑی کی انڈسٹریل اسٹیٹس کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دیا ہے۔ جس سے باالترتیب 6000،5500اور 4000روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور اور فیڈمک میں ون ونڈو سروس سنٹر بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔

قارئین عثمان بزدار حکومت کے کچھ اور کاموں کا تذکرہ کل کریں گے ان شاء اللہ۔ اللہ تعالٰی آپ سب کا حامی ناصر ہو۔

تحریر : راجہ حشام صادق

@No1Hasham

Leave a reply