اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کے 16 ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا، اگر انہیں وزیر اعظم پسند نہیں تو ساتھ نہ دیں، کوئی شخص انہیں بلیک میل کرکے اپنی بات نہیں منواسکتا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لینےکےفیصلے پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم نے شرکا سے کہا کہ جس رکن کوان پراعتمادنہیں وہ کھل کراظہارکرے۔ اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ارکان جذباتی ہوگئے اور وزیر اعظم کے حق میں نعرے بازی کرنے لگے۔ پی ٹی آئی ارکان نے وزیر اعظم سے کہا کہ آپ اپنے مقصد پر ڈٹے رہیں، آپ کا حلقہ ہم سنبھالیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ارکان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کو عوام نے منتخب کرکےایوان میں بھیجا ہے، آپ ضمیر کی آواز پر فیصلہ کریں، پیسے لے کر ووٹ دینا بد دیانتی ہے، ہمارے 16 ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا، ان ارکان کی نظرمیں اگر وہ غلط ہیں توبےشک ان کا ساتھ نہ دیں۔

وزیر اعظم نے واضح کیا کہ وہ ایک مقصدلے کرسیاست میں آئے ہیں،وہ جمہوریت اورآزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں ،کوئی انہیں بلیک میل کرکےاپنی بات نہیں منواسکتا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے وزیراعظم سے ایم کیوایم اورق لیگ کے رہنماوں نے ملاقات کی اوروزیراعظم پربھرپوراعتماد کا اظہارکیا ،

حکومت کی اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ق) اور ایم کیو ایم نے وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان کیساتھ کھڑے ہیں۔

یہ یقین دہانی ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کے موقع پر انھیں کرائی۔ ایم کیو ایم وفد کا کہنا تھا کہ ہمیں موجود گورننس نظام پر تحفظات ہیں لیکن ہم وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات پر مکمل یقین ہے کہ عمران خان کرپشن نہ کرتے ہیں اور نہ اس کو پسند کرتے ہیں۔ ہم نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں تاکہ عوام کو ڈیلیور کر سکیں

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے مسلم لیگ (ق) کے وفد نے بھی ملاقات کرکے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں عبدالحفیظ شیخ کو بھی ووٹ دیا تھا، اب وزیراعظم کو بھی دیں گے۔

لیگی وفد میں طارق بشیر چیمہ،حسین الہٰی، چوہدری سالک اور فرح خان بھی شریک تھیں۔ وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ (ق) لیگ کے اعتماد پر اظہار تشکر کیا

Shares: