راولپنڈی :آرمی چیف سمیت پاک فوج کے جرنیلوں نے ایک ماہ تنخواہ کرونا ریلیف فنڈمیں دینے کا اعلان کردیا ،اطلاعات کےمطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کورونا ریلیف فنڈ میں ایک ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کردی۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر ) کے مطابق بریگیڈیئر سے لیفٹیننٹ جنرل تک کے افسران نے 3 دن کی تنخواہ عطیہ کی۔اس کے علاوہ کیڈٹس سےکرنل تک افسران نے 2 دن کی تنخواہ عطیہ کی جبکہ سپاہی سے جے سی اوز تک افسران نے ایک دن کی تنخواہ عطیہ کی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ائیر چیف اور نیول چیف بھی اپنی اپنی تنخواہیں کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کرچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے آج مزید 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد مہلک وائرس سے پاکستان میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1969 تک جاپہنچی ہے۔