پاکستان اس وقت آب و ہوا کی تباہ کاریوں سے گزر رہا ہے. وفاقی وزیر شیری رحمان

0
48

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ ہم ماحولیاتی آفات کے تباہ کن سال سے گزر رہے ہیں، خاص کر اگر پاکستان کی بات کی جائے تو پاکستان اس وقت آب و ہوا کی تباہ کاریوں سے گزر رہا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ اہم فیصلے اور اقدامات کیے جائیں۔

عالمی کلین ایئر ڈے پر پیغام دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آج پاکستان دنیا بھر کی ماحولیاتی ہنگامی صورت حال کی صف اول میں کھڑا ہے۔ ہوا کا معیار اور فضائی آلودگی ان اہم ماحولیاتی مسائل میں سے ایک ہے۔ ہمارے شہروں اور گاؤں کو ہوا کی آلودگی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت آب و ہوا کی تباہ کاریوں سے گزر رہا ہے۔ ہم ماحولیاتی آفات کے تباہ کن سال سے گزر رہے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے فیصلے اور اقدامات کرنے کا وقت اب ہے۔

فضائی الودگی پر بات کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ ڈالنے کے باوجود، ہم فضائی آلودگی کو بہتر بنانے اور اخراج کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، وزارت ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کلین ایئر پروگرام کے ذریعے فضائی آلودگی کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر لڑنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس پروگرام کا مقصد آلودگی پھیلانے والے اہم شعبوں بشمول صنعتوں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی سرگرمیوں اور اقدامات کو مربوط کرنا ہے، وزارت ماحولیاتی تبدیلی گیسز اخراج کو کم کرنے کے لیے مختلف شعبوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں، کیوں کہ ہمارے لیے یہ ایک فیصلہ کن دہائی ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے فیصلے اور اقدامات کرنے کا وقت اب ہے، 2050 نہیں۔

وفاقی وزیر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی دنیا میں نیا معمول بن چکی ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی کی کوئی سرحدیں نہیں، ایک ملک پر ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات دوسرے ممالک پر بھی پڑے گے۔ تمام ممالک کو اپنی ہوا کو صاف کرنے کے لیے مربوط اور اجتماعی عالمی کوششیں کرنی چاہئے۔ پاکستان ایک صاف ستھرے اور صحت مند مستقبل میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تمام ممالک کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔

Leave a reply