پاک فضائیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں مزید تیز کردیں

0
50

پاک فضائیہ نے خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں مزید تیز کردیں۔ پاک فضائیہ اس مقصد کے لیے ہر ممکنہ حد تک وسائل وقف کر رہی ہے۔ پاک فضائیہ کے اہلکار سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں سول انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہےہیں۔ علاقے میں راشن، ادویات اور اشیاۓ ضروریہ گرانے کے لیئے ہیلی کاپٹر آپریشنز بھی جاری ہیں۔

ایئر مارشل حامد راشد رندھاوا، ہلال امتیاز (ملٹری)، ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف ایڈمنسٹریشن نے حیدرآباد کے قریب پاک فضائیہ کے ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایئر آفیسر نے دور دراز علاقوں میں بروقت اور مسلسل جاری امدادی کاروائیوں پر پاک فضائیہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

اس سے قبل، ائیر وائس مارشل حاکم رضا، ستارہ امتیاز (ملٹری)، ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ نے بھی اراک، تحصیل مٹہ میں سیدو شریف ڈیٹ کی جانب سے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ علاقہ مَکِینوں اور سول انتظامیہ نے پاک فضائیہ کی جانب سے بحالی اور امداد کے لیئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیئے پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1853 خشک راشن کے پیکٹ، 1960 پانی کی بوتلیں اور 11860 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ تقسیم کیئے۔ مزید برآں پاک فضائیہ کی جانب سے لگائے گئے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 3644 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔

Leave a reply