پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے ثقافتی تعاون کے فروغ پر اتفاق
باغی ٹی وی :تفصیل کے مطابق پاکستان کے لئے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے آج اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ پر نشر کرنے کے لئے پاکستانی فلموں اور ڈراموں کا عربی زبان میں ترجمہ کیا جائے گا۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ثقافتی تعاون دونوں برادر ملکوں کے عوام کے درمیان روابط کو بہتر بنائے گا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ ملکی سیاحت کی صنعت کی ترقی کےلئے پاکستان کے خوبصورت چہرے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں، الحرمین الشریفین کا تقدس ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا دکھائی دے گا۔
سعودی عرب کے تحفظ کیلئے پاکستان سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا دکھائی دے گا۔ وزیر خارجہ
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں شہری آبادیوں اورعسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے متوقع دورہ پاکستان کے دوران ان دونوں شخصیات سے ملاقات کے متمنی ہیں۔