سری لنکا سے پہلا ایک روزہ میچ ، قومی ٹیم کے کھلاڑی پرجوش بھی پر عزم بھی ، کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی

لاہور :سری لنکا سے پہلا ایک روزہ میچ ، قومی ٹیم کے کھلاڑی پرجوش بھی پر عزم بھی ، کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی ہے ، سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ میں شامل 12 کھلاڑی پہلی بار پاکستان میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔ آصف علی، فخر زمان، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، امام الحق، محمد حسنین، افتخار احمد، محمد رضوان، عثمان شنواری، محمد نواز اور عابد علی پہلی باراپنے ملک میں ایک روزہ میچ کھیلیں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔

باغی ٹی وی کے مطابق پاکستان کی جانب سے 44 ایک روزہ میچز کھیلنے والے فخر زمان قومی کرکٹ ٹیم کا مستقل رکن ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز اپنے ایک روزہ کیریئر میں اب تک 1828 رنز بناچکے ہیں تاہم اس میں سے ایک رن بھی پاکستان کے میدانوں میں نہیں بنا۔45.70 کی اوسط سےرنز بنانے والے فخر زمان کے کیریئر میں4 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

باغی ٹی وی کے مطابق 3 سال سے قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر کا کہنا ہےکہ انہیں اپنے ہوم میچز بیرون ملک کھیلنے کا دکھ ہوتا ہے۔اپنے کراؤڈ کے سامنے کرکٹ کھیلنا کسی اعزاز سے کم نہیں۔

فخر زمان نے کہا کہ سری لنکا کےخلاف ایک روزہ ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی پرجوش ہے۔ ایک عرصہ بعد پاکستان میں مکمل سیریز کھیلنے کے لیے ہر کھلاڑی نے انفرادی اہداف بنا رکھے ہیں۔اوپنر نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی اپنے ہم وطنوں کے سامنے بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم رکھتا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی کرکٹر نے کہا کہ پاکستان میں پہلا ایک روزہ میچ ان کے لیےمیں ڈیبیو کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ ماضی کاحصہ ہوچکا اب تمام تر توجہ اس سیریز پر مرکوز ہے۔ سری لنکا کے خلاف سیریز میں تیز ترین سنچری اسکور کرنا ان کا ہدف ہے۔

باغی ٹی وی کے مطابق شاداب خان41 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ ایک روزہ کیریئر میں شاداب خان 56 وکٹیں اور 337 رنز بناچکے ہیں۔ آلراؤنڈ اس سے قبل بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کھیل چکے ہیں۔شاداب خان کا کہنا ہےکہ سری لنکا کے خلاف سیریز پاکستان میں ان کے کیریئر کی پہلی ایک روزہ سیریزہوگی۔ امید ہےقومی ٹیم جلد اپنے ٹیسٹ میچز بھی پاکستان میں کھیلے گی۔

آلراؤنڈرشاداب خان نے کہا کہ 2018 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں جب نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے میدان میں اترے تو انکلوژرزتماشائیوں سے کھچاکھچ بھرے ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تمام میچز میں شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعدا د اسٹیڈیم کا رخ کرے گی۔

سری لنکا کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی کا عزم لیے شاداب خان نے کہا کہ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنا اصل ہدف ہے۔ تمام کھلاڑی ہوم کراؤڈ کے سامنے بہترین نتائج دینا چاہتے ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلر عماد وسیم آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسرے جبکہ شاداب خان تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔آلراؤنڈر نے کہا کہ انہیں عماد وسیم کے ہمراہ باؤلنگ کرنے کا مزہ آتا ہے۔ میچ کے دوران وکٹوں کے حصول کے لیے ہم دونوں میں بہترین ربط ہوتا ہے۔

باغی ٹی وی کے مطابق پاکستان کی جانب سے 14 ایک روزہ میچز کھیلنے والے محمد نواز بھی پہلی بار پاکستان میں ایک روزہ کرکٹ میچ کھیلیں گے۔ اب تک اپنے کیریئر میں آلراؤنڈر نے 5.18 کے اکانومی ریٹ سے 16 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ محمد نواز 22.11 کی اوسط سے 199 رنز بھی بنا چکے ہیں۔

ذرائع کےمطابق کرکٹر محمد نواز نے کہا کہ صرف ٹیم میں واپسی ہی نہیں بلکہ وہ پہلی بار پاکستان میں ایک روز ہ سیریز کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں لیگ کرکٹ کھیل چکے ہیں مگر پاکستانی کراؤڈ کا نعم البدل کہیں بھی نہیں ملا۔آلراؤنڈر نے کہا کہ پی ایس ایل میں کھچا کھچ بھرے میدانوں میں باؤلنگ کرنے کا مزہ دوبالا ہوجاتا تھا۔ امید ہےکہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد دونوں ٹیموں کو سپورٹ کرنے میدان میں آئے گی۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 32 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین 33.57 کی اوسط سے 705 رنز بناچکے ہیں۔ 2 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں اسکور کرنے والے محمد رضوان کا ایک روزہ کرکٹ میں بہترین اسکور 115 رنز ہے۔

پاکستان آمد پر سری لنکا کرکٹ ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئےمحمد رضوان نے کہا سیریز کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔ انتظار صرف اس لمحے کا ہے جب میچ شروع ہوا۔ انہوں نے کہا جوش و لولہ سے بھرپور ہوم کراؤڈ کےسامنے کھیلنے سے ٹیم کا مورال بلند ہوگا۔

Comments are closed.