پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے تحت رشکئی خصوصی اقتصادی زون پر دستخط ہوگئے

0
32

پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے تحت رشکئی خصوصی اقتصادی زون پر دستخط ہوگئے

باغی ٹی وی : پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے تحت رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے ترقیاتی معاہدہ پر دستخط ہو گئے ہیں۔

ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے اس اہم معاہدہ پر دستخطوں کی تقریب وزیراعظم ہاﺅس میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ اور چینی سفیر یاؤجنگ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے ترقیاتی معاہدہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز کو ترقی دینے کے وژن کا عملی اقدام اور خوشحال و صنعتی پاکستان کی سمت میں ایک قدم ہے۔

پاکستان اورچین کی قربت کے باعث خصوصی اقتصادی زونز ایک دوسرے پر اقتصادی انحصار کو بڑھانے اور باہمی اقتصادی استفادہ کے حامل ہوں گے۔

رشکئی خصوصی اقتصادی زون کا قیام پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ سے عمل میں لایا جائیگا۔ اس ضمن میں خیبر پختونخوا اقتصادی زون ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی اور چائنا روڈ اینڈ بریج کارپوریشن مل کر کام کریں گے۔

ایک ہزار ایکڑ پر محیط رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے قیام پر 128 ملین ڈالر کی لاگت آئیگی۔ 6 اگست 2019ء کو اسے خصوصی اقتصادی زون کی حیثیت ملی جبکہ اپریل 2019ء میں رعایتی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔سرمایہ کاری بورڈ نے سی پیک کے تحت سرمایہ کاری کو راغب کرنے، خیبر پختونخوا کی جامع ترقی، ملازمت کے مواقع فراہم کرنے، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافہ کیلئے اس خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے کام کیا۔

سی پیک روٹ کے پہلے جنکشن ہونے کے ناطہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون کو مسابقتی اہمیت حاصل ہے اور یہ غیر ملکی بالخصوص چینی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی وسیع استعداد رکھتا ہے۔رشکئی اقتصادی زون کو کامیاب بنانے کیلئے وفاقی حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 1.8 ارب روپے کا وعدہ کیا ہے۔ اس فنڈ سے اقتصادی زون کو 210 میگاواٹ بجلی اور 30 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائیگی،
اس سے قبل چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون کی ڈویلپمنٹ کے لیے معاہدے پر دستخط کی تقریب وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چائنا روڈ اینڈ برج کنسٹرکشن کمپنی خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ڈویلپمنٹ پارٹنر ہے اور فیصل آباد کے بعد رشکئی دوسرا خصوصی اقتصادی زون ہوگا۔

اقتصادی راہداری منصوبہ منفی پراپیگنڈے کے باوجود آگے بڑھتا رہے گا:وزیراعظم پاکستان کاکرداربہت پسند ہے: چین

Leave a reply