پاکستان اور کرغزستان علاقائی اقتصادی انضمام میں کلیدی کردار ادا کر سکتے. مہر کاشف
کرغزستان ٹریڈ ہاوس کے چیئرمین اور وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان علاقائی اقتصادی انضمام میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ کرغزستان ٹریڈ ہاو س میں فاران شاہد آرائیں کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور روابط پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ تجارت، توانائی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافتی تبادلوں سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع وسطی ایشیائی ریاستوں، خاص طور پر کرغزستان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ یہ خشکی سے گھرے یہ ممالک پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے بہت سی عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور عوام کے درمیان قریبی روابط کے علاوہ بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اور مضبوط اقتصادی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان سمیت وسطی ایشیائی ریاستوں کی مارکیٹ کا تخمینہ 90 بلین ڈالر سے زیادہ ہے جس میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
مہر کاشف یونس نے کہا کہ پاکستان ان ممالک کو بہت سی مصنوعات برآمد کر سکتا ہے جن میں ٹیکسٹائل، لیدر، فارماسیوٹیکل، زرعی مصنوعات، برقی آلات اور مواصلات کے شعبوں کا سامان، مشینری اور آلات شامل ہیں۔ کرغزستان اور دیگر ریاستیں بڑی تعداد میں مشینری اور آلات مختلف ممالک سے درآمد کرتے ہیں۔ پاکستان تجارتی تعلقات کو فروغ دے کر اعلی قیمت پر یہ مصنوعات ان ممالک کو برآمد کر سکتا ہے جبکہ پاکستان کرغزستان اور دیگر ریاستوں سے توانائی اور دیگر مصنوعات درآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے اور درآمد و برآمد کنندگان کو سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی تلاش میں سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛
عمران خان کہتے تھےعدالت جاؤں گا تو قتل ہوجاؤں گا اب کل پیش ہوئے تو کیا قتل ہوگئے؟ مریم اورنگزیب
ایکواڈوراورپیرو میں زلزلہ،15 افراد ہلاک اور 125 سے زائد زخمی،بلوچستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے
جوڈیشل کمپلیکس سانحہ: امجد نیازی سمیت تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنےکا حکم
انہوں نے کہا کہ کرغزستان ٹریڈ ہائوس دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تجارتی تعاون کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان صدیوں پرانے ثقافتی، مذہبی اور اقتصادی تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک معدنی و ہنر مند افرادی قوت سے مالا مال ہیں۔ پاکستانی مصنوعات کم قیمتوں کے ساتھ انتہائی مسابقتی ہیں اور کرغزستان میں بہتر مارکیٹ شیئر حاصل کر سکتی ہیں۔