پاکستان سٹیزن پورٹل آن لائن شکایات کے سلسلہ میں ڈی سی کمیٹی روم میں اجلاس کا انعقاد،
ننکانہ صاحب: نمائندہ باغی ٹی وی، باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بزدار حکومت کی خصوصی ہدایت پرپاکستان سٹیزن پورٹل آن لائن شکایات کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آفس ننکانہ صاحب کے کمیٹی روم میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد عثمان خالد، اے ڈی سی جی احمد کمال ،اے ڈی سی فنانس اینڈپلاننگ راناامجد علی ،اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صولت حیات وٹو،اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ صبا سحر،اسسٹنٹ کمشنر سانگلہ ہل جمیل احمد نت ،سی اوتحصیل کونسل/میونسپل کمیٹی عزیر انور،سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سہیل طارق،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طارق ڈھلوں،ایم ایس ڈی ایچ کیو اسفند یار، ڈی او انڈسٹریز رانا وسیم سمیت سوئی گیس، اکاﺅنٹس آفس،محکمہ سپورٹس ،پبلک ہیلتھ، لائیو سٹاک و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے اس موقع پرپاکستان سٹیزن پورٹل شکایات کے ذریعے ضلع ننکانہ سے موصول ہونے والی شکایات اور ان کے ازالہ کے سلسلہ میں مختلف محکموں کی کارکردگی کو چیک کیا اور اس میں مزید بہتری لانے کی ہدایت جاری کیں ۔منعقدہ اجلاس میںضلعی فوکل پرسن پاکستان سٹیزن پورٹل توصیف پرویز نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ موصول ہونے والی شکایات کا روزانہ کی بنیاد پر ازالہ کیا جارہا ہے باقی شکایات پر کام جاری ہے بہت جلدان شکایات کا ازالہ بھی کر دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکموں کے افسران کو چاہیے کہ اپنی نگرانی میں پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا ازالہ کرنے کے بعد معززین شہریوں سے شکایت کے حل کے بارے میں بھی تصدیق کی جائے اور عوام الناس کو مطمئن کریںکہ آپ کا مسئلہ حل ہوا ہے یا نہیں تاکہ عوام حکومت کے اس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں۔
ڈپٹی کمشنرراجہ منصور احمد نے سختی سے تمام ضلعی افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل آن لائن پرموصول ہونے والی درخواستوں کو فوری حل کیا جائے کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔ڈی سی ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پیر احمد شاہ روڈ کے دونوں اطراف بنائی گئی پارکوں کی بحالی اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیںتاکہ شہریوں کو خوشگوار ماحول مہیا کیا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے سٹیزن پورٹل کے جائزہ اجلاس میں غیر حاضر افسران کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے تمام افسران اپنے دفاتروں میں بروقت حاضری کو یقینی بنائیں،دفاتروں میں آنےو الے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔