لاہور:پاکستان : کہیں اسکول بیگ ختم تو کہیں نصاب آدھا کرنے کا فیصلہ،اطلاعات کے مطابق صوبہ پنجاب میں اگلے تعلیمی سال کے نصاب میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ کرلیا گیا ، سال 2023ء میں میٹرک اور انٹر امتحانات اسمارٹ نظام کے تحت ہوں گے ۔
اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگلے تعلیمی سال میں نصاب کو مختصر کیا جائے گا جس کے لیے اسکولوں کے نصاب کو 20 فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،
اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں کہ نصاب میں کمی اگلا تعلیم سال مختصر ہونے کی وجہ سے کی جارہی ہے کیوں کہ اگلا تعلیمی سال ستمبر 2022 سے شروع ہو کر 2023 مارچ میں ختم ہو گا ، نصاب مختصر کرنے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے ٹیکسٹ بک بورڈ کو ہدایات جاری کی جائے گی ۔
ادھر وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ رواں تعلیمی سال کے دوارن لاہور میں نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں 31 جنوری تک نصف حاضری ہو گی ، لاہور کے اسکولوں میں چھٹی جماعت تک 50 فیصد حاضری کی پابندی ہو گی ، ساتویں سے 12ویں جماعت تک کلاسیں شیڈول کے مطابق ہوں گی ، اس دوران تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز پر عمل کریں ۔
قبل ازیں این سی او سی نے کورونا کی 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں تعلیمی سرگرمیاں محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے لیے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا ، جس میں ملک بھر میں کورونا کی موجودہ صورتحال اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ، 12 سال سے کم عمر 3 دن 50 فیصد آئیں گے اور 12 سال سے زائد عمر کے اسٹوڈنٹس کی مکمل حاضری ہو گی تاہم 12 سال کے زائد عمر کی طلبا کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ۔
ادھر وزارت تعلیم نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے وفاقی سرکاری اسکولز میں بستے ختم کردیے گئے۔اس حوالے سے پارلیمانی سکریٹری وجیہہ قمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی کردار سازی میں اساتذہ کا کردار اہم ہے، معیاری تعلیم کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے جسکے لیے کام جاری ہے، بکس فری بیگز پروگرام صرف اسلام آباد تک محدود نہیں رہے گا۔
ایڈیشنل سیکریٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے کہا کہ اساتذہ کو بچوں کیساتھ محنت کرنا ہوگی، بیگ کا وزن کم کرنے کے علاوہ پہلی سے پانچویں جماعت کے بچوں کی اخلاقیات پر زور دینے کی ضرورت ہے، ٹیکنالوجی ٹریننگ پروگرام لایا جائیگا جسکے تحت اساتذہ کو ٹریننگ دی جائیگی۔
اکرام علی ملک ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات نے کہا کہ بچوں کی ذہنی اور جسمانی مسائل کو ختم کرنے کے پیش نظر بکس فری بیگز پروگرام متعارف کروایا گیا ہے، کتابوں کا ایک سیٹ گھر اور ایک اسکول رکھا جائیگا، نئی تعلیمی سال میں اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں یہ سسٹم لائیں گے۔