دبئی :پاکستان نے روایتی حریف بھارت کوشکست دے دی،اطلاعات کے مطابق انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو زیر کردیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم 49 اوورز میں 237 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
گرین شرٹس کی جانب سے ذیشان ضمیر نے 5، اویس علی نے 2 ، قاسم اکرم اور معاذ صداقت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔بھارت کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا تاہم پاکستانی بیٹرز نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔
گرین شرٹس نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا اور روایتی حریف کو 2 وکٹوں سے شکست دی۔محمد شہزاد نے 82 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عرفان خان 33، معاذ صداقت اور رضوان محمود نے 29 ، 29 رنز بناکر نمایاں رہے۔

شہباز گل نے پاکستانی ینگ اسٹارز کو انڈر 19 ایشیا کپ میچ میں فتح پر مبارکباد دی۔معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ میچ میں انڈیا کے خلاف فتح پر پاکستانی ینگ سٹارز سمیت پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ زبردست میچ کھیلا جس میں زبردست فتح حاصل ہوئی۔
واضح رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے میں 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 238 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر میچ کی آخری گیند پر حاصل کیا۔