پاکستان کو معرض وجود میں آئے 74 برس بیت چکے ہیں اور یہ ملک ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

یوم آزادی کا دن ہر سال عظیم محسنوں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال اور ہمارے آباؤاجداد کی پاکستان کے حصول کیلئے عظیم جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور تجدید عہد کا دن ہے۔

جہاں ہم آج یوم آزادی کو بھرپور جوش و جذبے سے مناتے ہیں وہیں ہمیں یہ عہد بھی کرنا چاہئے کہ ہم اپنی آنیوالی نسلوں کو ایک صاف ستھرا ماحول، محفوظ معاشرہ اور خوددار پاکستان دیکر جائیں گے۔ ہمارے بزرگوں نے جتنی محنت سے یہ الگ وطن حاصل کیا ہے ہمیں اتنی ہی محنت سے اس کو سنوارنا بھی ہے۔ اللّه پاک نے انسان کے ہاتھ میں صرف محنت اور کوشش رکھی ہے باقی کامیابی وہ دیتا ہے۔ اس لئے ہمیں اپنے ملک کی خاطر مل جل کر آگے بڑھنا چاہئے۔ اگر ہم سب اپنا فرض ایمانداری سے ادا کریں تو ایک بہترین معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے۔

اللّه پاک نے ہمارے ملک کو بےشمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ ہمارے پاس سب وسائل موجود ہیں بس ان کا بہتر استعمال ہی ہمیں کامیابی کی راہ پر گامزن کرے گا۔

ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ ہماری پہچان سندھی، بلوچی، پنجابی، پٹھان یا کشمیری نہیں بلکہ پاکستانی ہے۔ بحثیت قوم ہمیں چاہیے کہ ہم قومیت اور تفرقہ بازی میں پڑ کر دشمن قوتوں کی سازشوں کو کامیاب بنانے کے بجائے آپس میں اتحاد و اتفاق سے رہیں تا کہ دشمن کے نا پاک عزائم خاک میں مل جائیں ۔ مگر اس کے لیے ہم سب کو ایک ہو کر آگے بڑھنا ہو گا۔ نفرتوں کو دفن کرنا ہوگا۔ تعصب کی جنگ سے باہر آ کر ایک قوم بن.کر ابھرنا ہوگا۔ بلوچی، پنجابی، سندھی، پٹھان یا کشمیری بننے کے بجائے پاکستانی بننا ہوگا۔

دعا ہے کہ اللّه پاک پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔ دشمنوں کے شر سے ہمیشہ محفوظ رکھے۔ امن اور اسلام کا گہوارہ بنائے۔ آمین

پاکستان زندہ باد، پائندہ باد

خدا کرے میری ارض پاک پر اترے
وہ فصلِ گل جسے اندیشہء زوال نہ ہو

Shares: