پاکستان انٹیگریٹی آئیکون ایوارڈز کا انعقاد، متعدد ملازمین ديانتدار ترین کہلائے!!

0
36

پاکستان انٹیگریٹی آئیکون ایوارڈز کا اعلان کیا گیا۔
آمنہ بیگ، دریان خاتون میمن، مختار پارس، طارق جاوید مینگل اور اظہر علی خان سال 2020 کے لیے ملک کے دیانتدار ترین سرکاری ملازمین قرار دئیے گئے۔ اسلام آباد، پاکستان (2 مارچ 2021) منگل کو سرینا ہوٹل میں ہونے والی ایک تقریب میں پاکستان کے سال 2020 کے لیے 5 دیانتدار ترین سرکاری ملازمین کا اعلان کردیا گیا۔ آمنہ بیگ، اے ایس پی فرنٹئیر کانسٹیبلری لائینز اسلام آباد، دریان خاتون میمن، پرنسپل گورنمنٹ گرلز لوئر سیکنڈری سکول سکھر سندھ، مختار پارس، ڈائریکٹر جنرل آف دی سیکرٹریٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد، طارق جاوید مینگل، ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ بلوچستان اور اظہر علی، چیف کنزرویٹرآف فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کو اپنے اپنے شعبوں میں ان کے شاندار کام، دیانتداری اور ایمانداری پر ایوارڈز دیے گئے۔
انٹیگریٹی آئیکون ایک سالانہ بنیادوں پر ہونے والی مہم ہے جس سے پاکستان کی سول سروس میں قابلِ احتساب قیادت، شفافیت اور دیانتداری کو پرکھا جاتا ہے۔ اس مہم کے ذریعے ملک بھر سے دیانتدار اور ایماندار ترین سرکاری ملازمین کو ڈھونڈا اور سراہا جاتا ہے۔ انٹیگریٹی آئیکون کی مہم پاکستان میں اپنے پانچ سال پورے کرچکی ہے اور اس دفعہ کی مہم کے دوران ملک بھر سے 100 سے زائد انٹریز موصول ہوئیں جنہیں سول سروس، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے قابل ترین افراد پر مشتمل ایک جیوری نے پرکھا۔ جیتنے والے پانچوں آئیکونز کے عوامی خدمت کے جذبے اور اپنا کام ایمانداری سے کرنے کی وجہ سے انہیں اپنے ساتھی ملازمین، اپنے افسران اور بالخصوص پاکستانی عوام کی نظروں میں عزت ملی-
ملک بھر سے ہزاروں افراد نے بذریعہ ایس ایم ایس اور آن لائن اپنے پسندیدہ آئیکونز کو ووٹ دیا اور لاکھوں افراد نے ان کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے دیکھا-
ڈائریکٹر سول سروسز اکیڈمی لاہورذوالفقاریونس نے اکاؤنٹیبلٹی لیب پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور اس سال جیتنے والے آئیکونز کو مبارکباد دیتے ہو کہا کہ "انٹیگریٹی آئیکون ایوارڈز پاکستان کے سرکاری ملازمین میں شہرت حاصل کر چکے ہیں ” انہوں نے مزید بتایا کہ سول سروسز اکیڈمی اکاؤنٹیبلٹی لیب پاکستان کے اشتراک سے پاکستان کے اکاؤنٹیبل لیڈر شپ پروگرام کے تحت 270 نوجوان بیوروکریٹس کی تربیت کر چکی ہے ، وہ نوجوان بیوروکریٹس جو بہت جلد بیوروکریسی کی دنیا میں شامل ہونے جارہے ہیں وہ احتساب اور شفافیت کی مہارتوں سے لیس ہیں اور یہ مہارتیں استعمال کرکے اور دیانتداری، شفافیت اور خود احتسابی کی اقدار اپنا کر اپنے اپنے محکموں میں ممتاز ہو ں گے”۔
جیتنے والے تمام آئیکونزعوامی خدمت کے جذبے، بدعنوانی سے نفرت اور بہتر طرزِ حکمرانی کی بدولت اپنے اپنے شعبوںمیں شہرت رکھتے ہیں ۔ اظہر علی خان نے خیبر پختونخوا کے محکمہ جنگلات میں بطور چیف کنزرویٹر فاریسٹ آفیسر تنِ تنہا جنگلات کو کٹا ئی سے بچانےکے لیے قوانین بنائے اور چھوٹے کسانوں سے زمین حاصل کرنے کے لیے مڈل مین کا کردار ختم کر کے محکمے کے عملے کی طرف سے اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال کو ختم کیا۔
فیاض یاسین ، ڈائریکٹر پروگرامز اکاؤنٹیبلٹی لیب پاکستان کے مطابق”اس سال کی آئیکونز مہم کے دوران ہمیں پاکستانی شہریوں کی طرف سے شاندار ردعمل کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا جس سے ثابت ہو ا کہ وہ اپنے دیانتدار سرکاری ملازمین کی کاوشوں کو سراہتے ہیں، ہمیں اب بد عنوان سرکاری ملاز مین کو شرمندہ کرنےکے عمل سے آگے بڑھنا چاہیے اور ایسے ملازمین کو سراہنا چاہیے جنہوں نے ایمانداری، دیانتداری اور احتساب کی اقدار اپنا کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے”
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاکستان میں یورپین یونین کے ڈپٹی ہیڈ تھامس سیلر نے کہا کہ "آج ہم ایسے پاکستانی سرکاری ملازمین جنہوں نے دورانِ ملازمت دیانتداری اور وقار کو برقرار رکھا، کو سراہتے ہیں – ان کا یہ پیشہ ورانہ رویہ ہر پاکستانی شہری کے بہترین مفاد میں ہے – یورپی یونین ہمیشہ سے مالی وسائل کے استعمال میں بہتری احتسابی اصلاحات کی حمایت کرتا ہے۔
پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر مس لِس روزن ہولم نے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہا کہ ” میرے لیے باعث فخر ہے کہ میں آج انٹیگریٹی آئیکون تحریک کا حصہ ہوں جس کے ذریعے رول ماڈل تیار کیے جار ہے ہیں اور ایماندار سرکاری ملازمین کو سراہا جارہا ہے – ایمانداری زندگی کے ہر شعبے لیے ضروری ہے اور اس کے بغیر معاشرے میں بدعنوانی اور عدم مساوات پھیلتی ہے – ڈنمارک کرپشن پرسیپشن انڈیکس کی فہرست میں دنیا میں سب سے کم بدعنوان ملکوں میں پہلے نمبر پر رہا ہے- اس کی وجہ مضبوط انتظامی ڈھانچہ ہے جس کی بنیاد سرکاری شعبے اور نگران اداروں کی سخت محنت ہے کہ وہ جب چاہیں حکومت سے جوابدہی کرلیں – ڈنمارک کا سرکاری شعبہ انتہائی شفاف اور مربوط بنیادوں پر قائم ہے جو بغیر کسی رشوت کے چلتا ہے اور نتیجتاً یہاں کا ماحول کاروبار اور عوام الناس کے لیے محفوظ اور پائیدار ہے- مجھے امید ہے کہ انٹیگریٹی آئیکون جیسی مہمیں کرپشن سے پاک پاکستان بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی”۔
نو منتخب آئیکونز کے متعلق مزید جاننے کے لیے اکاؤنٹیبلٹی لیب پاکستان کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں جس پر آئیکونز کے بارے میں تفصیلی ویڈیوز بھی شامل ہیں۔انٹیگریٹی آئیکون پاکستان کے بارے میں انٹیگریٹی آئیکون ایک شہری تحریک ہے جس کا مقصد دیانتدار سرکاری ملازمین کو تلاش کرنا اور ان کو سراہنا ہے ۔ 2014 میں نیپال سے شروع ہونے والی انٹیگریٹی آئکون کی تحریک اب عالمی حیثیت اختیار کرچکی ہے اور 10 ممالک نیپال، پاکستان، سری لنکا، مالی، نائجیریا، لائیبیریا، جنوبی افریقہ ، امریکہ اور میکسیکو تک پہنچ چکی ہے۔ تمام ممالک میں اکاؤنٹیبلٹی لیب کی مقامی ٹیمیں قومی سطح پر مہم چلاتی ہیں جس کے ذریعے ایسے ملازمین جو انتہائی دیانتداری سے اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں، کی تلاش کی جاتی ہے۔ ایسے ملازمین کا انتخاب اور نامزدگی بالعموم عوامی ووٹنگ کے عمل کے ذریعے کی جاتی ہے اور سالانہ مہم جیتنے والے امیدواروں کے لیے ایک تقریب کے انتخاب سے اختتام پذیر ہوتی ہے۔ اکاؤنٹیبلٹی لیب اس کے بعد منتخب فاتحین کے ساتھ حکومتی سطح پر دیانتداری کے لیے کام کرتی ہے۔
پاکستان میں انٹیگریٹی آئیکون کی مہم پانچ سال مکمل کر چکی ہے جس میں اس سال ملک بھر سے سینکڑوں نامزدگیاں موصول ہوئیں۔انٹیگریٹی آئیکون کی پاکستان میں مہم کو اکاؤنٹیبلٹی لیب پاکستان چلا رہا ہے
اکاؤنٹیبلٹی لیب کے بارے میں اکاؤنٹیبلیٹی لیب پاکستان متحرک شہریوں اور ذمہ دار رہنماؤں کی ایک نئی نسل تیار کر رہاہے۔ ادارہ پاکستان میں نوجوان سول سوسائٹی کاررکنان کے لیے ایک سخت مقابلے کی حامل اکاؤنٹیبلیٹی انکیوبیٹر چلا رہا ہے اور شہری ردعمل کی نئی جہتیں متعارف کروا رہاہے۔

Leave a reply