پاکستان بھر میں مسلمان آج عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔
باغی ٹی وی : کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ، مقبوضہ کشمیر، ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ حکومتی ہدایات کے پیش نظر نمازعید الاضحیٰ سماجی فاصلوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ادا کی گئی جبکہ نمازیوں کی جانب سے منہ پر ماسک پہننے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
جس کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے ملک بھر میں شہری نماز عید کے بعد اپنے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے بھی جارہے ہیں۔
حکومت کی جانب سے بھی عوام کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ میل جول سے اجتناب کیا جائے گا اور ایک دوسرے کے گھر آنے جانے کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے کی کوشش کریں اور عید کے اجتماعات میں بیمار افراد، بچوں اور بزرگ شہریوں کو شرکت نہ کرنے دی جائے، فیس ماسک کا استعمال لازمی، ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے بھی گریز کیا جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے اجتماعی قربانی کے رحجان میں اضافہ دیکھنے میں آ یا ہے مختلف حکومتی شخصیات کی جانب سے بھی دیے جانے والے پیغامات میں عوام الناس سے کہا گیا کہ وہ انفرادی قربانی کرنے کے بجائے اجتماعی قربانی کرنے کو ترجیح دیں۔