پاک بحریہ کی ساتویں کثیر الملکی امن مشقیں اختتام پذیر ہوگئیں

کراچی :پاک بحریہ کی کثیر الملکی بحری مشق امن -2021 انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے ساتھ شمالی بحیرہ عرب میں اختتام پذیر ہوگئی ۔ جس کے بعد پاک بحریہ اور مشق میں شریک عالمی بحری افواج کے جہازوں نے شاندار ‘امن فارمیشن’ بنائی۔ اس موقع پر صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے۔

 

 

 

صدر پاکستان کی پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ان کا استقبال کیا۔ بحری اُمور کے وفاقی وزیر، دفاعی پیداوار کی وفاقی وزیر، وزیر اعلیٰ سندھ ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی،پاک آرمی کے سربراہ اورپاک فضائیہ کے سربراہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مزید برآں،مختلف ممالک کے سفیر، ہائی کمشنرز، اعلیٰ عسکری افسران اور دفاعی و نیول اتاشی بھی انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کی تقریب میں شریک تھے۔

 

 

 

 

انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے دوران صدر پاکستان نے مختلف پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں کے مظاہر ے کو دیکھا ۔ فلیٹ ریویو کے دوران پاک بحریہ ، پاک فضائیہ اور مشق میں شریک غیر ملکی فضائی طیاروں نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا جس کے بعد مشق میں حصہ لینے والے بحری جہازوں اور آفیسرز وجوانوں نے صدرپاکستان کو سلامی پیش کی ۔ بحری افواج کے بحری جہازوں کی جانب سے اتحاد اور مشترکہ عزم کی علامت کے طور پربنائی جانے والی روایتی ’امن فارمیشن‘ کے ساتھ مشق اختتام پذیر ہوئی۔

 

 

 

صدرپاکستان نے کثیرالملکی بحری مشق امن – 21 کے کامیاب انعقاد اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاکستان کے صمیم عزم کے اعادہ پر پاکستان نیوی کو مبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مشق میں شریک علاقائی اور عالمی بحری افواج کا شکر یہ ادا کیا جنہوں نے عالمی وبا کووِڈ- 19 کے باوجود مشق میں شرکت سے مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کے ضمن میں اپنے عزم کابھرپور اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشق امن-21 تمام شراکت داروں کی مشترکہ کاوشوں سے خطہ کو پرامن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

 

 

 

پاک بحریہ کے سربراہ نے انٹر نیشنل فلیٹ ریویو میں شرکت پرصدر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کو مضبوط بنانے میں انفرادی طور پر اور اتحادی بحری افواج کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

 

 

مشق امن – 21میں تقریباً 45 ممالک نے بحری جنگی جہازوں ، ایئر کرافٹ ، اسپیشل آپریشن فورسز اور مندوبین کی کثیر تعداد کے ساتھ شرکت کی۔

 

 

کثیر الملکی بحری مشق امن- 2021  کے آخری روز سی فیز مرحلے میں پاکستان نیوی اور دیگر ممالک کے بحری جہازوں نے سمندری آپریشن کے مختلف مظاہرے کیے ، جس میں بحری جہازوں کو تیل کی ترسیل  اور سرچ اینڈ سیزر بوٹ کے ذریعے ریسکیو آپریشن شامل تھے ۔

 

 

پاکستان نیوی نے دشمنوں کو ہدف بنانے کا زبردست عملی مظاہرہ کیا، ہیلی کاپٹرز کا فلائی پاسٹ ہوا جب کہ مشقوں میں شریک دیگر ممالک کے بحری جہازوں نے سلامی پیش کی ۔

 

 

Comments are closed.