پاکستانی ڈاکٹر کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ، ٹیسٹ رپورٹ آنے سے پہلے ہی حبیب زیدی وفات پاگئے
اسلام آباد: پاکستانی ڈاکٹر کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ، ٹیسٹ رپورٹ آنے سے پہلے ہی حبیب زیدی وفات پاگئے ،اطلاعات کے مطابق برطانیہ میں پاکستان نژاد برطانوی ڈاکٹر، حبیب زیدی کے اہلِ خانہ نے ان کی کورونا وائرس کے باعث ہلاکت کی تصدیق کردی جو برطانیہ میں کسی ڈاکٹر کی کورونا کی وجہ سے ہونے والی پہلی ہلاکت ہے۔
76 سالہ ڈاکٹر کے اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر کورونا وائرس کا علاج کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے، اہلِ خانہ کے مطابق منگل کے روز ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ایسیکز کے ساؤتھ اینڈ ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کیا گیا تھا جہاں صرف ایک روز بعد ان کا انتقال ہوگیا۔
ان کی بیٹی ڈاکٹر سارا زیدی نے کہا کہ ان میں وائرس کی کچھ علامتیں پائی گئیں تھیں۔لیکن ان کے والد محترم ڈاکٹرحبیب زیدی کا کووِڈ19 کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کیا گیا تھا لیکن نتائج آنے سے پہلے ہی وہ وفات پا گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کا علاج کورونا کے مصدقہ کیس کے طور پر کیا گیا، اس بات میں بہت کم شبہ ہے کہ یہ کورونا وائرس تھا‘۔اہلِ خانہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ برطانیہ میں وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے متوفی کا باقاعدہ جنازہ ادا نہیں کیا جاسکا۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں اس وقت کورونا وائرس کے 11 ہزار 658 مصدقہ کیس ہیں جبکہ اس وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 578 ہے۔ڈاکٹر حبیب زیدی 45 برس سے زائد عرصے سے بطور جنرل فزیشن کام کررہے تھے اور ایسٹ ووڈ گروپ پریکٹس کے منیجنگ پارٹنر بھی تھے ان کی اہلیہ اور چاروں بچے بھی ڈاکٹر ہیں۔