انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (او آئی سی) نے 2028 میں ہونے والے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک تاریخی موقع ہے کیونکہ کرکٹ کو آخری مرتبہ 1900 کے پیرس اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا۔
لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جس میں مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ ایونٹس ہوں گے۔ ہر ایونٹ میں 6-6 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن کے لیے 90-90 کھلاڑیوں کا کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ ہر ٹیم میں 15-15 کھلاڑی شامل ہوں گے۔کرکٹ کی شمولیت کی منظوری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے 12 فل ممبرز کی مشاورت سے دی گئی ہے۔ آئی او سی کے ایگزیکٹو بورڈ نے اس ایونٹ کے پروگرام اور ایتھلیٹ کوٹہ کی منظوری دی ہے، لیکن لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کے میچوں کے انعقاد کے لیے وینیو کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو اولمپک مقابلوں میں کوالیفائی کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ موجودہ آئی سی سی رینکنگ کے مطابق، پاکستان کی مردوں کی ٹیم ساتویں پوزیشن پر جبکہ خواتین کی ٹیم آٹھویں پوزیشن پر ہے۔ اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لیے آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ 6 ٹیموں کو موقع ملے گا، اس لیے پاکستان کو اپنی رینکنگ بہتر کرنے کی ضرورت ہوگی۔
لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں مجموعی طور پر 11,198 ایتھلیٹس شرکت کریں گے، اور 31 اولمپک کھیلوں کے 5 ہوسٹ وینیوز میں مقابلے ہوں گے۔ ان گیمز میں مجموعی طور پر 351 میڈلز کے ایونٹس ہوں گے۔ ان میں سے 161 ایونٹس خواتین کے لیے، 165 مردوں کے لیے اور 25 مکسڈ ایونٹس ہوں گے۔فٹبال میں پہلی مرتبہ خواتین کی 16 اور مردوں کی 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ سوئمنگ میں بیک اسٹروک، بٹر فلائی اور بریسٹ اسٹروک کے 50 میٹر مقابلے بھی اولمپک پروگرام میں شامل کیے گئے ہیں۔او آئی سی بورڈ نے اسپورٹس کلائمبنگ اور روئنگ میں بھی نئے میڈل ایونٹس کی شمولیت کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ، لاس اینجلس اولمپکس کے ہوسٹ پروگرام میں اسکواش، فلیگ فٹبال، لوکروسی، سافٹ بال اور کرکٹ بھی شامل ہوں گے۔ ان کھیلوں میں 6، 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔واٹر پولو میں خواتین کی دو مزید ٹیمیں شامل کی گئی ہیں، جس سے اس کھیل میں مزید مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
لاس اینجلس اولمپکس 2028 ایک تاریخ ساز ایونٹ ہوگا، جہاں کرکٹ کی واپسی اور کھیلوں کی مختلف نئی اقسام کی شمولیت دیکھنے کو ملے گی۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے لیے یہ موقع اپنے کھیل کی سطح کو مزید بہتر بنانے کا ہے، تاکہ وہ اولمپک مقابلوں میں کامیاب ہو سکے۔