اسلام آباد :پاکستان اپنے حاجیوں کے لیے سفارتکاری، سعودی عرب سے حج معاہدہ 2020 کرنے کے لیے وفد روانہ ،۔تفصیلات کے مطابق سالانہ حج معاہدہ 2020 کیلئے وفاقی وزیر اور سیکریٹری مذہبی امور سعودی عرب روانہ ہوگئے ،عمرہ ادائیگی کے بعد وفاقی وزیر اور سیکریٹری مذہبی امور دفترامورحجاج مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔

دوسری طرف اسلام آباد سے ذرائع کے مطابق ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ڈی جی حج وفد کو حج انتظامات2020 پر تفصیلی بریفنگ دیں گے جبکہ پاکستانی وفد سعودی وزارت حج وعمرہ سمیت دیگر شعبوں کے دورے اور اہم ملاقاتیں کرے گا، ملاقاتوں میں حجاجِ کرام کی تجاویزکی روشنی میں مزیدبہترسہولتوں کی فراہمی پربات ہوگی۔ترجمان کے مطابق پاکستان اورسعودی عرب میں مرکزی حج معاہدہ 2020بدھ 4دسمبر کو طے ہوگا اور پاکستانی وفد 8 دسمبر کو واپسی کیلئے سعودی عرب سے روانہ ہوگا۔

یہ بھی یاد رہے آئندہ سال حج پالیسی کے بنیادی نکات تیار کرلئے گئے ہیں ، نکات میں 2 سال کے لئے قرعہ اندازی کی تجویز دی گئی ہے ، دوسرے سال والے کامیاب عازمین قسطوں میں رقم جمع کراسکیں گے، قرعہ اندازی جنوری میں ہونے کا امکان ہے۔حج پالیسی کا مسودہ آئندہ ماہ کابینہ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے، کابینہ نےمنظوری دی تو3سال کےلئے پالیسی کی مشروط منظوری دی جائےگی ، منظوری سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہوگی۔

Shares: