پاکستان نے دیا بھارت کو ایک اور بڑا جھٹکا، کس چیز پر لگائی پابندی؟ اہم خبر
وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت تمام منفی حربے استعمال کرکے کشمیریوں کی آواز دبانا چاہتا ہے اور کشمیریوں پر مظالم دنیا کے سامنے لانے نہیں دے رہا، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تحریک بن کر سامنے آئی ہے، بھارت جہاں جہاں کشمیریوں کا استحصال کرے گا پاکستان وہاں سامنے کھڑا ہوگا،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کے خلاف دیگر اقدامات کی طرح پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش پر بھی پابندی لگا دی ہے، کسی ہندوستانی فلم کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی. پاکستان اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی مدد کیلئے ہر آپشن استعمال کرے گا اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی پارلیمنٹ کی قرارداد میں عوام کے جذبات کی ترجمانی کی گئی ہے، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلے کشمیریوں کے ساتھ رشتے کے عکاس ہیں،
انہوں نے کہاکہ سیاسی و عسکریت قیادت نے کشمیریوں کی ہر ممکن مدد و حمایت کا فیصلہ کیا اور ان کی آواز سے آواز ملائی ہے، ملکی قیادت نے اہل کشمیر سے مکمل اظہار یکجہتی کیا اور دنیا کو پیغام دیا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیریوں کے حقوق سلب کر رکھے ہیں اور انڈیا نے کشمیر میں میڈیا اور ذرائع ابلاغ پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے، ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے،