فلسطین میں بھارتی سفیر اپنے دفتر میں مردہ حالت میں پائے گئے

راملہ: بھارت کے فلسطین کے لیے خصوصی ایلچی موکل آریہ اپنے دفتر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

باغی ٹی وی :بھارتی میڈیا کے مطابق فلسطین میں بھارت کے خصوصی ایلچی موکل آریہ نے گزشتہ برس ہی اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور ان کا دفتر راملہ میں تھا تاہم آج 36 سالہ موکل آریہ اپنے دفتر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

بھارت کے نوجوان سفارت کار کی موت کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا ہے عملہ جب دفتر پہنچا تو وہ مردہ حالت میں زمین پر گرے ہوئے تھے لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔


بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 36 سالہ آریہ کی اچانک موت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ایک بہترین اور باصلاحیت افسر تھے اور انہیں ابھی بہت کچھ کرنا تھا۔ ان کے خاندان اور اعزہ و اقارب کے ساتھ میری دلی تعزیت۔۔

اقوام متحدہ میں بھارت کے سفیر ٹی ایس تریمورتی نے آریہ کی موت پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا، یہ ایک حقیقی صدمہ ہے۔ غیر معمولی صلاحیت کا حامل ایک رفیق کار اتنی کم عمری میں ہمیں چھوڑ کر چلا گیا ان کے اہل خانہ کے ساتھ میری دلی تعزیت۔”

خیال رہے کہ تریمورتی ماضی میں فلسطین میں بھارت کے نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
https://twitter.com/PaliNewsBot/status/1500509978796437504?s=20&t=asQ1CxUk6katy4HhRiePFw
فلسطین اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے موکل آریہ کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا ہے جب کہ بھارتی وزارت خارجہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ لاش کی جلد از جلد نئی دہلی منتقلی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے ان 138 ملکوں میں سے ایک ہے جو فلسطین اتھارٹی کو بطور ریاست تسلیم کرتے ہیں۔

Comments are closed.