پی سی بی کا اہم ترین اجلاس طلب، کون سے فیصلے ہونے جارہے ہیں؟ بڑی خبر آگئی

0
43

لاہور (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا۔ اجلاس کی سربراہی پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق، عروج ممتاز، ذاکر خان ( ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اور سیکرٹری کمیٹی)، مدثر نذر (ڈائریکٹر اکیڈمیز) اور ہارون رشید ( ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ) اجلاس میں شرکت کریں گے۔ قومی مینز اور ویمنز کے ساتھ ساتھ انڈر۔19 اور انڈر۔16 کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی کی روشنی میں سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو بھجوانا اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ انضمام الحق، مکی آرتھر اور سرفراز احمد کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ وسیم اکرم ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ دیگر تمام اراکین اجلاس میں شرکت کےلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور پہنچیں گے۔ کرکٹ کمیٹی ایک ایڈوائزری پینل ہے جس کی ذمہ داری سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو بھجوانا ہے۔ اجلاس کے بعد کوئی پریس کانفرنس نہیں کی جائے گی ۔ ٹیم کی گزشتہ تین سال اور ورلڈ کپ میں کارکردگی کے بارے میں ٹیم مینجمنٹ اپنی رپورٹ پی سی بی کو جمع کرواچکی ہے جس کا کمیٹی کے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔ پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے پاس فیصلے کا اختیار نہیں ہے تاہم وہ ٹیموں کی گزشتہ کئی سالوں کی پرفارمنس کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو بھجوائے گی جس کی روشنی میں وہ فیصلہ کریں گے ۔ سرفراز احمد کے مستقبل کا فیصلہ کرکٹ کمیٹی اجلاس میں نہیں ہوگا۔ پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ابھی ٹیموں کی اور ٹیم مینجمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور کپتان کی تقرری کے حوالے سے کوئی جلدی نہیں۔ کپتان کے بارے میں سری لنکاکے خلاف سیریز سے چند روز قبل فیصلہ کر لیا جائے گا۔2 اگست کو کرکٹ کمیٹی اجلاس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر،کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ کارکردگی پر سوالات ہوں گے اور کمیٹی کے اراکین ہیڈکوچ، سپورٹنگ سٹاف اور سلیکشن کمیٹی کے بارے میں مشاورت کرنے کے بعد سفارشات تیار کرکے چیئرمین پی سی بی کے حوالے کریں گے۔

Tagsbaaghi

Leave a reply