پی ڈی ایم آج مردان میں پاور شو کرے گی ،تیاریاں کر لی گئیں
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق:مردان میں پی ڈی ایم کے زیراہتمام ریلی اورجلسہ آج ہوگا. حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) آج مردان میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ جلسے اور ریلی کی تمام تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔
مردان میں پی ڈی ایم کے زیز انتظام احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی۔ ریلی گجوخان فلائی اوور سے شروع ہو کرنوشہرہ روڈ پر جلسے کی شکل اختیار کر کے اختتام پذیرہوگی۔
پی ڈی ایم کی مقامی قیادت میں ریلی اور جلسہ عام حکومت کی پالیسی کے خلاف احتجاج کا دوسرا فیز ہے۔ جلسے سے مریم نواز، مولانا فضل الرحمان، یوسف رضاگیلانی، آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور اویس احمد نورانی سمیت دیگر رہنماء خطاب کریں گے۔
مریم نواز کی ریلی کرنل شیر خان انٹرچینج سے نوشہرہ روڈ پہنچیں گی۔ مولانا فضل الرحمان تخت بھائی سے قافلے کی شکل میں مردان پہنچیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری ریلی میں شرکت نہیں کریں گے۔ یوسف رضا گیلانی اور قمر زمان کائرہ پیپلزپارٹی کی نمائندگی کریں گے۔مہنگائی مارچ مردان کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا نوشہرہ روڈ پہنچے گا۔ جہاں پی ڈی ایم قائدین کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
مردان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو ریلی اور جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب بڑے عوام اجتماعات کی اجازت نہیں دے سکتے۔
جے یو آئی رہنما مولانا امانت شاہ نے کہا ہے کہ مردان ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلی پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری بھی تعینات ہے۔