اسلام آباد:راولپنڈی اسلام آباد ایڈیٹرز کونسل نے اسلام آباد کی عدالت عالیہ کی طرف سے پیکا آرڈینینس کو کالعدم قرار دیکر قلم اور اظہار کی حرمت اور وقار کو سربلند کر کے کارکن صحافیوں کو آمرانہ رویوں سے تحفظ فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے اس حوالہ سے راولپنڈی اسلام آباد ایڈیٹرز کونسل کا ایک غیر معمولی اجلاس کونسل کے صدر سینئر صحافی سید فدا حسنین شیرازی کے زیرصدارت مرکزی دفتر میں منعقد ہوا جس میں کونسل کے سینئر نائب صدرممتاز کالم نگار نئیر سرحدی، جوائنٹ سیکرٹری ناصر مشکور پیرزادہ، مہر امیر عثمان سمیت دیگر عہدیدارن و اراکین نے شرکت کی ۔
سید فدا حسنین شیرازی نے اپنے خطاب میں قلم کی حرمت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ عمران حکومت خود کو جمہوری حکومت کہتے ہوئے آمرانہ اقدامات اُٹھاکر صحافت سمیت ملک کے ہر ادارے کو پابند سلاسل کرتی رہی ہے ، پیکا آرڈینینس بھی عمران خان کے حواریوں کا ایک خطرناک کھیل تھا جس کے ذریعہ صحافیوں کی زبان بندی، قلم کو پا بہ جولاں کرنے کی سازش اور میڈیا کو حکومت کی مرضی مطابق چلانے پر مجبور کرنے کی ناکام کوشش تھی جسے معزز عدالت عالیہ نے کالعدم قرار دے کر آمرانہ فیصلوں کا گلہ د با کر صحافت کا بول بالا کردیا
انہوں نے اس موقع پر پیکا آرڈینینس کیخلاف بھرپور آواز اُٹھانے پر نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا، پی ایف یو جے کے سابق صدر قائد صحافت محمد افضل بٹ و دیگر رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا۔ دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ ہم اور ہماری کونسل کا ہر رکن کارکن صحافیوں کے ساتھ کھڑا ہے ، ہم صحافت کو صداقت کے پیرہن میں عبادت کا درجہ دیتے ہیں اگرکسی نام نہاد جمہوری قوت نے آمرانہ لباس پہن کر آزادی اظہار پر شب خوں مارنے کی کوشش کی تو اُس کا راستہ سختی سے روکا جائے گا۔
اس موقع پر سینئر نائب صدر نئیر سرحدی نے فیض کا شعر سناتے ہوئے کہ
ہم پروش لوح و قلم کرتے رہیں گے
جو دل پہ گزرتی ہے رقم کرتے رہیں گے
عدالت عالیہ کے اس احسن ، منصفانہ اور غیرجانبدارنہ فیصلے کو سراہا اور عدلیہ کو خراج تحسین پیش کیا ، اجلاس میں کارکن صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔