درخت کاٹنے پر کڑی سزاؤں کا اعلان؛ 10سال قید اور80 لاکھ ڈالرجرمانہ
ریاض : درخت کاٹنے پر کڑی سزاؤں کا اعلان؛ 10سال قید اور80 لاکھ ڈالرجرمانہ ،اطلاعات کے مطابق حکومت نے کسی درخت یا پودے کو کاٹنے والے فرد کو کڑی سزائیں سنانے کا اعلان کیا ہے اور ایسے کسی بھی فرد پر 7999018 ڈالر(تین کروڑ سعودی ریال) جرمانہ عاید کیا جائے گا۔اس کو10 سال تک قید کی سزا سنائی جائے گی یا یہ دونوں سزائیں بیک وقت بھی سنائی جاسکتی ہیں۔
سعودی پراسیکیوشن نے ٹویٹر پرلکھا ہے کہ ’’درختوں کی کٹائی،جڑی بوٹیوں یا پودوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے، انھیں ان کے تنے ،پتوں ، شاخوں یا کسی بھی حصے سے محروم کرنے یا ان کی مٹی کی تبدیلی کے ذمے دار افراد کو مملکت کے ماحولیاتی قانون کے تحت کڑی سزائیں سنائی جائیں گی۔‘‘
درخت کاٹنے والوں کے لیے ان کڑی سزاؤں کا اعلان سعودی عرب کے ویژن 2030ء کے مطابق کیا گیا ہے۔اس کا مقصد آیندہ عشرے کے اختتام تک مملکت میں ماحولیاتی استحکام کا حصول ہے۔
گذشتہ ماہ سعودی عرب کے وزیر برائے ماحول، آب اور زراعت عبدالرحمان الفاضلی نے نئی شجرکاری مہم کے آغاز کااعلان کیا تھا۔اس کے تحت اپریل 2021ء تک مملکت میں بنجرپن پر قابو پانے کے لیے ایک کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔