سابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر عمران خان کی طرف سے پاکستان کے تین ٹکڑے کرنے کے بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی نے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر بڑی بڑی سکرینیں آویزاں کی گئیں جن میں ایک پر سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی تصویر کے ساتھ “پاکستان کھپے “کا نعرہ درج تھا۔ ایک سکرین پر عمران خان اور تصویر تھی. اس موقع پر مظاہرین نے “ غدار ہے غدار ہے عمران خان غدار ہے” اور “ گرفتار کرو گرفتار کرو عمران کو گرفتار کرو” کے نعرے لگائے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے راہنما حاجی عزیز الرحمن چن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے شہید بے نظیر بھٹو کی شہادت پر “پاکستان کھپے “ کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا۔ آج 2022 میں بھی صدر زرداری ایک مرتبہ پھر عمران خان کے عزائم خاک میں ملائیں گے-
فیصل میر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں کہ سپریم کورٹ عمران خان کے خلاف مظاہرہ کرنے پر بھی پابندی لگا دے گی۔ عمران خان کی گفتگو ریکارڈ ہے اور کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ بھارت کو توڑنے کی بات کر رہا تھا۔
فیصل میر نے کہا کہ اگر پاکستان کو تین ٹکڑے کرنے کی بات صدر آصف زرداری یا بلاول بھٹو زرداری کرتے تو اب تک سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے سو موٹو نوٹس لے لیا ہونا تھا، ملک بھر میں پیپلز پارٹی والوں پر مقدمے درج ہو رہے ہونے تھے شہر شہر جلوس نکل رہے ہونے تھے۔ مگر آج جب عمران خان پاکستان کو توڑنے کی بات کر رہا ہے تو سناٹا ہے۔
فیصل میر نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ عمران خان کے ملک دشمن بیان پر سو موٹو نوٹس لیکر اس پر غداری کا مقدمہ قائم کیا جائے ۔ اس موقع افنان بٹ , احمد رضا زوہیب بٹ ، شاہدہ جبیں ، شاہد عباس اور مسرت صدیقی نے بھی خطاب کیا.