بھارتی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار نے پشاور کے قصہ خوانی بازار میں واقع اپنے آبائی گھر کی یادیں شیئر کی ہیں۔
باغی ٹی وی :حال ہی میں خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں واقع بھارتی لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کی دوبارہ تزئین و آرائش کرکے انہیں میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس خبر کو سن کر دلیپ کمار اور ان کی اہلیہ نے بہت زیادہ خوشی کا اظہار کیا-
دلیپ کمار نے چند روز قبل پشاور کے شہریوں سے ان کے آبائی گھر کی تصاویر شیئر کرنے کی بھی درخواست کی تھی اور اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے چند سلسہ وار ٹوئٹس کی گئی ہیں جن میں انہوں نے پشاور والے گھر میں گزارے گئے وقت اور اپنے بچپن کی حسین یادیں لوگوں کے ساتھ شیئر کی ہیں-
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1311557282883272704?s=20
دلیپ کمار نے لکھا کہ مجھے والدین ، دادا دادی اور بہت سے ماموں ، خالہ اور چچا زاد بھائیوں کے ایک ساتھ رہنے کے دنوں کی تمام لمحات ابھی تک یاد ہیں جن کی چہچہاہٹ اور ہنسی کی آوازیں گھر میں گونجتی رہتی تھیں-
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1311557427398025216?s=20
انہوں نے لکھا کہ ہمارے پشاور والے گھر میں میری والدہ ہمیشہ بڑے سے کچن میں مصروف رہتی تھیں اس وقت میں بہت چھوٹا تھا اور انتظار کرتا تھا کہ کب میری والدہ کچن کے کام ختم کریں تاکہ میں ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کا خوبصورت چہرہ دیکھ سکوں۔
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1311558293144301568?s=20
دلیپ کمار نے لکھا کہ مجھے اس گھر کا وہ کمرہ یاد ہے جہاں تمام گھر والے شام کی چائے کے لیے جمع ہوتے تھے۔ وہ ایک کشادہ کمرہ تھا اور اسی کمرے میں خواتین عبادت کرتی تھیں۔ اس کے علاوہ مجھے اس گھر کا ٹیرس، کمرے اور ہر چیزیاد ہے۔
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1311558860524535808?s=20
لیجنڈ اداکار نے لکھا کہ مجھے واضح طور پر یاد ہے اپنے دادا کی پیٹھ پر بیٹھ کر سواری کرنا اور وہ خوفناک کہانیاں جو دادی مجھے سناتی تھیں تاکہ میں اکیلے باہر نہ جاؤں۔
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1311559198266650625?s=20
دلیپ کمار نے لکھا کہ میرے پاس قصہ خوانی بازار کے گھر کی خوبصورت یادیں ہیں جہاں مجھے اپنی زندگی کا پہلا سبق ملا جس نے بعد میں مجھے اسکرپٹ منتخب کرنے میں رہنمائی کی۔
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1311559428915621888?s=20
انہوں نے لکھا کہ ہر روز جب قصہ خوانی بازار میں تجارت بند ہوتی تھی تو ایک کہانی سنانے والا بہادری، فتح، فریب اور انتقام کی داستانیں بیان کرتا تھا جنہیں میں اپنے والد اور انکل کے ساتھ بیٹھ کر بڑی توجہ سے سنتا تھا۔
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1311693693242339330?s=20
علاوہ ازیں دلیپ کمار نے اردو میں ٹوئٹ کرکے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی خواہش پر ان کے آبائی گھر کی تصویریں شیئر کی تھیں۔
واضح رہے کہ دلیپ کمار کی پیدائش پشاور کے حالیہ علاقے قصہ خوانی بازار میں 1922 میں مسلمان گھرانے میں ہوئی تھی اور ان کا اصل نام محمد یوسف ہے۔دلیپ کمار کو ان کی فلمی خدمات پر حکومت پاکستان نشان امتیاز سے بھی نواز چکی ہے۔اسی طرح راج کپور کی پیدائش پشاور کے حالیہ علاقے حویلی دلگران میں ہندو خاندان میں 1924 میں ہوئی تھی۔
دونوں با لی وڈ لیجنڈز کے علاوہ بھی دیگر چند با لی وڈ شخصیات پشاور اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں پیدا ہوئی تھیں جب کہ متعدد شخصیات حالیہ پاکستان کے دیگر صوبوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بھی پیدا ہوئی تھیں۔