پیٹرولیم مصنوعات پر آئندہ 15 روز میں 36 ارب سے زائد لیوی وصول کی جائے گی؛ پٹرولیم مصنوعات پر ڈیویلپمنٹ لیوی میں 5 ارب روپے سے زیادہ کا اضافہ

حکومت اگلے 15 روز میں مجموعی طور پر 36 ارب سے زیادہ لیوی وصول کرے گی۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیویلپمنٹ لیوی میں 5 ارب روپے سے زیادہ کا اضافہ کردیا ہے، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت اگلے 15 روزمیں مجموعی طور پر 36 ارب سے زیادہ لیوی وصول کرے گی۔ پٹرول سے 25 ارب 96 کروڑ، ہائی اسپیڈ ڈیزل سے 10 ارب 18 کروڑ ریونیو جمع ہوگا۔

دستاویز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 12 روپے 41 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے، ڈیزل پر لیوی 12 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 25 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جب کہ پٹرول پر پہلے ہی 50 روپے لیٹر ڈیویلپمنٹ لیوی وصول کی جا رہی ہے۔ دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ مٹی کے تیل پر لیوی 5 روپے 98 پیسے سے بڑھا کر 7 روپے 1 پیسہ کر دی گئی ہے، اور لائٹ ڈیزل آئل پر لیوی 7 روپے90 پیسے سے بڑھا کر15 روپے 39 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں؛
پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا کا فیصلہ، میچ شروع
بلوچستان اسمبلی کے سامنے 8 روز سے جاری پشین بچاؤ تحریک کا دھرنا ختم
ابراہیم زدران ایک روزہ میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے افغان کھلاڑی بن گئے
اس سے قبل خبر آئی تھی کہ حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل سستا کرنے اعلان کر دیا گیا تھا اور اس بارے میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رہے گی جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں10 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت 224 روپے 80 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 235 روپے 30 پیسے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس وقت کے اعلامیے کے مطابق 10 روپے کمی کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 181 روپے 83 پیسے جبکہ ساڑھے 7 روپے کمی کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت179 روپے لیٹر مقرر کر دی گئی۔ وزیرخزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دو ماہ سے حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

Shares: