پھلوں کا بادشاہ آم.56واں مینگو فیسٹیول میرپورخاص

ہمارے ملک پاکستان میں 110مختلف اقسام کے آم پیدا ہوتے ہیں
0
241
mango

تحریر . غلام رضا کھوسو ، ڈائریکٹر اطلاعات میرپورخاص ڈویزن
Ghulam raza khoso
ضلع میرپورخاص جو این جی اوز اور سٹی آف مینگوز کے طور پر اپنی پہچان رکھتا ہے اور گذشتہ 55سالوں سے میرپورخاص میں ہر سال ضلعی انتظامیہ اور مینجمنٹ کمیٹی مینگو فیسٹیول کی کاوشوں سے ہر سال جون میں شہید بینظیر بھٹو ایگزہیبیشن ہال (فروٹ فارم) میرپورخاص میں آموں کی نمائش کا انعقاد کیا جاتا ہے . رواں سال بھی میرپورخاص میں 56واں مینگو فیسٹیول 31 مئی 2024 سے 2 جون 2024 تک سالانہ تین روزہ آموں کی نمائش لگائی جائے گی .اس سلسلےمیں ضلعی انتظامیہ،محکمہ زراعت اور مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے انتظامات کا آغاز کیا گیا ہے .

میرپورخاص میں آموں کی نمائش کا آغاز سن 1965 سے کیا گیا تھا جس کا مقصد نہ فقط صوبے بلکہ ملک کے دور دراز علاقوں کے زمیندار کا آپس میں میل جول اور زرعی معلومات کا تبادلہ آموں کی پیداوار اور اقسام کا فروغ ہو سکے تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں آموں کی پیداوار بہتر بنانے کے لیے کارآمد ہو سکے . حکومت سندھ کی جانب سے پانی کی کمی کے باعث ڈرپ ایریگیشن سسٹم کے ذریعے باغات کو پانی پہنچانے کے لیے کافی فنڈر مختص کئے گئے ہیں اور ابتدائی طور پر تجرباتی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے ، اس ضمن میں حکومت کی جانب سے میرپورخاص میں سندھ ہارٹیکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں یہ سسٹم قائم کیا گیا ہے .سندھ ہارٹیکلچر ریسرچ سنٹر جو کہ گورنمنٹ فروٹ فارم کے نام سے 1904 میں قائم ہوا اس وقت اس کا نام زرعی فارم تھا اس کے بعد 1926 میں اس ادارے کو تجرباتی اسٹیشن بنایا گیا . 1958میں اس ادارےکو ترقی دے کر باغات کی تحقیق کا ادارہ بنایا گیا اس ادارے کے سب اسٹیشنز سندھ بھر کے مختلف اضلاع میں بھی قائم کئے گئے جس میں ٹماٹر کے لیے ضلع بدین، مرچوں کے لیے ضلع عمرکوٹ کے تحصیل کنری ، بیر اور پیاز کے لیے حیدرآباد ، چیکو ، کیلا، پپیتہ ، کھٹے میوات اور آموں کے لیے شہید بینظیر آباد ، کھجور کے لیے ضلع خیرپورمیرس ، امرود کے لیے ضلع لاڑکانہ میں تحقیقات کا سلسلہ جاری و ساری ہے جس میں کاشتکاروں کو تمام فائدہ مند مشوروں کے ساتھ ساتھ پیداوار بڑھانے کی اقسام دی جاتی ہے . اس ادارے کے پرانے آموں کے اقسام میں سندھڑی، الماس ، چونسہ ، طوطہ پری، الفانسو، کلیکٹر، لنگڑا ، صالح بھائی، دسہری، سوارنیکا، بیگن پالی ،گلاب خاصہ ، سرولی ،نیلم ، زافران ، انور رٹول وغیرہ جو ملکی و بیرون ممالک میں بے حد مشہور ہیں .نئی اقسام میں اس ادارے کی جانب سے کاشتکاروں میں متعارف کروائے گئے ہیں جن میں جاگیردار ، مہران ، شہنشاہ انمول وغیرہ شامل ہیں .

آموں کے فوائد .
پکے ہوئے اور کچے آموں میں بہت سے وٹامن پائے جاتے ہیں ، وٹامن اے ، وٹامن سی ، وٹامن ای ، انسان کو دل کی بیماریوں ، کینسر ، شوگر جیسی بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں. آموں میں 66فیصد تک کیلوریز ہوتے ہیں . ہمارے ملک پاکستان میں 110مختلف اقسام کے آم پیدا ہوتے ہیں ، زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ آموں کی برآمد کو بڑھانے کے لیے نئی مارکیٹوں تک رسائی کے ساتھ ساتھ آموں کی پروسیسنگ پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جس سے آموں کی برآمد میں بھی اضافہ ہو سکے گا ،، ہمارے ملک میں آموں کے باغات کی کاشت شدہ ایراضی ساڑھے چارلاکھ ایکڑ ہے جبکہ ملک میں سالانہ 18 لاکھ ٹن آموں کی پیداوار ہوتی ہے اسی طرح ایک اندازے کے مطابق ضلع میرپورخاص میں 30 ھزار ایکڑ پر 120000 ٹن آموں کی پیداوار ہے .

ضلعی انتظامیہ میرپورخاص کی جانب سے ڈویزنل کمشنر میرپورخاص ڈویزن فیصل احمد عقیلی اور ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سونو خان چانڈیو کی سربراہی میں میرپورخاص میں 31 مئی 2024 سے 2 جون 2024 تک سالانہ تین روزہ آموں کی نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں کھیلوں اور ثقافتی پروگرام کا بھی انعقاد کیا جائے گا .نمائش کو کامیاب بنانے کے لیے سب کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں اس کے علاوہ نمائش میں چھوٹے چھوٹے زمینداروں کو اپنے آموں کے اسٹال لگانے کے لیے شرکت کی دعوت دی گئی ہے.

میرپورخاص میں 56ویں سالانہ تین روزہ آموں کی نمائش کا باقاعدہ افتتاح 31 جون کو شہید بینظیر بھٹو ایگزہیبیشن ہال (فروٹ فارم) میں صوبائی وزیر زراعت کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے اسی طرح دوسرے روز زرعی سیمینار اور سندھ کا روایتی کھیل ملاکھڑا کے مقابلے اور اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے وزیر اعلی سندھ کو دعوت دی گئی ہے جہاں وہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے زمینداروں میں انعامات تقسیم کریں گے .

آموں کی نمائش لگانے کا مقصد میرپورخاص کے آموں کو بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کے لیے متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو آپس میں میل جول کروانا ہے تاکہ آموں کی نئی اقسام کے متعلق آ گاہی اور بہتر طور پر دیکھ بھال کے متعلق آگاہی دینا ہے تاکہ عام آدمی نمائش میں رکھی آموں کے مختلف اقساموں کے متعلق معلومات حاصل کرتے ہیں بعد میں دوسرے دوست احباب کو تحفے کے طور بھیجتے ہیں ہر سال ٹیکنیکی سیشن زرعی سیمینار بھی منعقد کیا جاتا ہے تاکہ کاشتکاروں کو آموں کی نئی قسم ، پیداوار بڑھانے اور پیداوار کے نئے طریقوں کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے . 56ویں آموں کی نمائش کے انعقاد کے لیے رئیس عارف خان بھرگڑی کو مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی کا چیئر مین جبکہ گوھرام بلوچ کو مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ 56واں مینگو فیسٹیول میرپورخاص گذشتہ سالوں کے مقابلے میں منفرد اور بہتر طور پر منعقد کیا جائے گا .

Leave a reply