پی آئی اے کا بین الاقوامی مسافروں کیلئے کرایوں میں کمی کا اعلان
اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر بین الاقوامی مسافروں کیلئے بھی کرایوں میں 15 فیصد تک کمی کردی۔مختلف ممالک کیلئے کرائے 15 فیصد تک کم کردیئے گئے
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد 16 جولائی سے تمام اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کیلئے قومی ایئر لائنز نے مختلف بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں 15 فیصد تک کمی کردی ہے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے کینیڈا کی پروازوں پر 8 فیصد جبکہ خلیج اور متحدہ عرب امارات کے روٹس پر 15 فیصد کی نمایاں کمی کردی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے روٹ پر کرایوں میں 10 فیصد کمی کی گئی ہے، کرایوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوا بازی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے نے بین الاقوامی سیکٹرز میں بھی مسافروں کے کرایوں میں کمی کردی ہے، عوام کو سہولیات دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے بعد موجودہ حکومت نے 15 جولائی سے پیٹرول کی قیمت میں 18.50 روپے کی کمی اور ڈیزل 40.54 روپے سستا کردیا تھا۔