وزیر اعظم آفس ذرائع کے مطابق:وزیر اعظم شہباز شریف کے معاونین خصوصی سے مراعات واپس لے لی گئی ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ: معاونین خصوصی جن سے مراعات واپس لے لی گئیں ہیں ان میں سینیٹر حافظ عبد الکریم سے وفاقی وزیر کی مراعات واپس لی گئی ہیں، جبکہ معاون خصوصی جنید انور اور شیخ فیاض الدین سے وزیر مملکت کی مراعات واپس لی گئی ہیں علاوہ ازیں معاون خصوصی رومینہ خورشید عالم سے بھی وزیر مملکت کی مراعات واپس لی گئی ہیں۔
واضح رہے ان معاونین خصوصی کو جون کے اوائل میں تعینات کیا گیا تھا جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سینیٹر اور تین ممبران قومی اسمبلی کو معاونین خصوصی تعینات کیا۔
قومی اسمبلی کے رکن محمد جنید انوار چوہدری کو وزیر اعظم شہباز شریف کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا تھا۔ جس میں بتایا گیا تھا کہ ان کا عہدہ وزیر مملکت کا ہوگا اور وہ وزیراعظم شکایات سیل کے بھی سربراہ ہوں گے۔
انکے علاوہ سینیٹر حافظ عبدالکریم، ممبر قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور شیخ فیاض الدین کو بھی معاون خصوصی مقرر کیا گیا تھا۔