پرائیویٹ ملازمین اورمزدوروں کو مبارک ہو:وزیراعظم عمران خان نے تنخواہیں بڑھانے پرمالکان کوراضی کرلیا

0
31

اسلام آباد:پرائیویٹ ملازمین اور مزدوروں کو مبارک ہو:وزیراعظم عمران خان نے تنخواہیں بڑھانے پرمالکان کوراضی کرلیا ،اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ عوام پر مہنگائی کے بوجھ کا احساس ہے، عالمی منڈی کے اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات جاری ہیں، صنعتکار اور بزنس مین عام شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر چلیں۔

وزیراعظم عمران خان سے معروف صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔

ملاقات میں حکومت اور صنعتکاروں نے ماہانہ اجرت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا چین دورے سے پہلے بزنس کمیونٹی سے مشاورت ضروری تھی، میری استدعا پر ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے والوں کے شکر گزارہیں، حکومت کو مہنگائی کی وجہ سےعوام پر بوجھ کا احساس ہے، عام آدمی کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، صنعتکار اور بزنس مین عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔

عمران خان نے مزید کہا پارٹی منشور میں آئی ٹی اور ٹیکسٹائل برآمدات کی پالیسی شامل کی تھی، حکومت برآمدات بڑھانےکیلئے طویل المدتی پالیسی پرعملدر آمد کر رہی ہے، کمپنیوں کے منافع کے ثمرات مزدور طبقے کو ملنے چاہئیں، کاروبار دوست پالیسیوں سے انڈسٹری نے ریکارڈ منافع کمایا، آئی ٹی اورٹیکسٹائل برآمدات کی پالیسی کےثمرات مل رہے ہیں، ملک کی 10 بڑی کمپنیوں نے گزشتہ سال 929 ارب روپےمنافع کمایا۔

ان کا کہنا تھا حکومت نے سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کیلئے تاریخی اقدامات کیے، ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات 21 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچیں ، اگلےسال 26 ارب ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں، پاکستان دنیا کا چوتھا سب سے زیادہ موٹر سائیکل بنانے والا ملک بن گیا ہے۔

ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ملکی ترقی کیلئے حکومتی پالیسیوں پر عملدر آمد میں پورا ساتھ دیں گے ، دفاعی پیداوار کے شعبے میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں اشتراک سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں۔

Leave a reply