ہر غریب کے گھرتک راشن پہنچانے کے لیے وزیراعظم نے احساس راشن پورٹل کا افتتاح کردیا ہے

اسلام آباد:ہر غریب کے گھرتک راشن پہنچانے کے لیے وزیراعظم نے احساس راشن پورٹل کا افتتاح کردیا ہے،اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاﺅن سے متاثرہ غریب افراد کو راشن فراہم کرنے کیلئے نجی شعبہ کے تعاون سے احساس راشن پورٹل کا افتتاح کردیا ہے۔

پورٹل کے ذریعے حکومت ڈونر اداروں اور مستحق افراد کے مابین رابطہ قائم کرے گی اور ڈونرز کو اہل مستحقین کا ڈیٹا فراہم کرے گی۔ ان مشکل حالات کے دوران، کئی نجی شعبے کے اداروں نے حکومت کیساتھ مل ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس پورٹل نے ملک بھر میں سخاوت کے اس عمل کو فروغ دیا ہے۔ اس پر عملدرآمد کیلئے حکومت نے ایک ویب پر مبنی پورٹل بنایا ہے جسے اس لنک https://rashan.pass.gov.pk/ کے ذریعے ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس راشن پورٹل قومی پیمانے پر خوراک کی تقسیم کو یقینی بنائے گا اور احساس پروگرام کے پاکستان کوفلاحی ریاست بنانے کے عزم کو تقویت بخشے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام میں حکومت کا کردار یہ ہے کہ وہ قابل اعتماد ڈونرز اور اہل مستحقین کے مابین رابطہ قائم کرے۔ راشن پورٹل پروٹوکول کے مطابق مستحقین کی معلومات کی توثیق کی جائیگی اور احساس ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے اہلیت کا تعین کیا جائے گا۔ پروگرام میں شراکت دار بننے کیلئے اہلیت کے ایک مخصوص معیار کے مطابق ڈونر اداروں کو جانچا جائےگا۔

مزید برآں، ڈیٹا پرائیوسی معاہدوں پر دستخط کے بعد مستحقین کو راشن پیکٹ یا مساوی نقد رقم کی تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے ان کی معلومات ڈونر اداروں کو فراہم کی جائیں گی۔ حکومت ایک خاندان میں سے ایک فرد کو یہ معاونت فراہم کرے گی اور اس عمل کی نگرانی کرے گی۔ نجی شعبہ مستحقین میں راشن یا نقد رقم کی تقسیم کیلئے نظام قائم کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔ ڈونر اداروں کو پیرامیٹرز کی ایک فہرست مہیا جائے گی جس میں وہ نشاندہی کریں گے کہ وہ مستحقین کے کس طبقے کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ان پیرامیٹرز میں مستحق افراد کا رہائشی علاقہ ضلع/تحصیل، جنس وغیرہ شامل ہے۔ منتخب کردہ پیرامیٹر ز سے مستحقین کی نشاندہی کی جائیگی اور پھر انہیں امداد فراہم کی جائیگی۔

حکومت نے ابتدائی مرحلے میں احساس راشن پورٹل کیلئے ڈونر اداروں کی دو کیٹگریوں کا انتخاب کیا ہے: منافع بخش نجی ادارے اور غیر منافع بخش نجی ادارے۔ اہلیت کا معیار ویب سائٹ https://rashan.pass.gov.pk/ پر ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔ ہم بڑے کارپوریٹ ڈونر اداروں سے آغاز کررہے ہیں جن کا سالانہ ریونیو کم از کم 2ارب روپے اور وہ راشن پیکٹ یا نقد رقم کیلئے کم از کم 10ارب روپے عطیہ دینے کے خواہشمند ہیں۔ اسی طرح وزارت داخلہ اور ای اے ڈی سے منظور شدہ این جی اوز جو 2ارب روپے عطیہ دینے کی خواہشمند ہیں، ان کو اس مرحلہ میں شراکت کیلئے دعوت دی جاتی ہے

Comments are closed.