وزیراعظم عمران خان کل (جمعہ کو) لاہو رکا دورہ کریں گے۔
باغی ٹی وی :وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جمعے کو ون آن ون ملاقات ہوگی، اپوزیشن کےاحتجاج سے متعلق پنجاب حکومت کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
وزیراعلی پنجاب صوبے کے انتظامی اورسیاسی امور کے بارے میں آگاہ کریں گے، وزیراعلی بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے کے حوالے سے اقدامات پر وزیراعظم کوبریف کریں گے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت انتظامی اجلاس بھی منعقد ہو گا، اپوزیشن کے احتجاج کے حوالے سے پنجاب حکومت کی حکمت عملی بھی زیر غور آئے گی، امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی بریف کیا جائے گا۔
مہنگائی کے خلاف پی ڈی ایم کل ملک بھر میں احتجاج کرے گی
وزیراعظم لاہور کے ضمنی الیکشن بارے بھی پارٹی کی سینئر لیڈرشپ سے مشاورت کریں گے۔ پارٹی کی لیڈرشپ، اہم وزرا اور انتخابی مہم کی کمیٹی کے ارکان اجلاس میں شریک ہوں گے۔
خیال رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے کل نماز جمعہ کے بعد سے مظاہروں کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔
پی ڈی ایم نے کل ملک بھر میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہروں کا اعلان کیا ہے پی ڈی ایم کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق لاہور میں جین مندر چوک سے سہ پہر 3 بجے احتجاجی جلوس نکالاجائےگا۔
کراچی ایمپریس مارکیٹ پر نماز جمعہ کے بعد 3 بجے مظاہرہ ہوگا۔ پشاور، سوات، شانگلہ اور خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوں گے اس کے علاوہ میانوالی اور بھکر میں 24 اکتوبر کو احتجاج ہوگا۔