وزیراعظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین سے ملنے کیلئے دورہ گلگت بلتستان

0
149

وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف کا آج بروز جمعہ 2 ستمبر سیلاب متاثرین سے ملنے کے لیئے گلگت بلتستان کا دورہ.

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف گلگت بلتستان آمد پر سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور جاری ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیں گے۔ دورے سے متعلق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حکام کی جانب سے وزیراعظم کو گلگت میں بارشوں اور سیلاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ تاہم بعد ازاں وزیرِ اعظم غذر جائیں گے اور متاثرہ علاقوں کے فضائی جائزے کے بعد متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے۔ وزیراعظم سیلاب سے متاثرہ گاؤں بوبر جائیں گے۔

گلگت بلتستان میں سیلاب سے تقریبا درجنوں افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اور اب تک 7406 ملین سے زائد کے نقصانات ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ اب تک سیلاب سے درجنوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

جی بی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں سیلاب سے 22 پاور ہاؤسز کو نقصان پہنچا جس میں سے 19 عارضی طور پر بحال کردیے گئے۔ 49 سڑکوں کو نقصان پہنچا جن میں سے 41 عارضی طور پر بحال کردی گئیں، پینے کے پانی کی 78 سپلائیز کو نقصان پہنچا، 65 عارضی طور پر بحال کردی گئیں۔

علاوہ ازیں 500 آب پاشی کے چینلز کو نقصان پہنچا، 340 عارضی طور پر بحال کردی گئیں، 56 پلوں کو نقصان پہنچا جن میں سے 43 عارضی طور پر بحال کردیے گئے۔ جی بی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب سے 7406 ملین کے نقصانات ہوئے ہیں۔

ضلع گلگت کی وادی گوروجگلوٹ، بارگو اور سیاحتی علاقہ نلتر میں سیلاب نے تباہی مچا دی تھی۔ نلتر کا سیلابی ریلہ گلگت کو بجلی فراہم کرنے والے 18 میگاواٹ بجلی گھر میں داخل ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے گلگت شہر کی بجلی 48 گھنٹوں تک معطل رہی تھی گوروجگلوٹ میں دریا کا رخ نشیبی علاقوں کی طرف جس کے باعث مزید نقصان کا اندیشہ جبکہ گلگت کے شمال کی جانب گاؤں بارگو میں سیلاب آنے کی وجہ سے لوگوں کی زرعی اراضی اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ضلع غذر کے کئی گاؤں جن میں درمدر گاؤں، فمانی، مومن آباد اشکومن، گلوداس، چرتوئی گوپس، طاؤس یاسین، مجاور اشکومن، پکورہ اشکومن، برنداس اشکومن شامل ہیں، میں بھی مختلف درجے کے سیلاب آئے ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے مختلف مقامات پر سڑکیں بلاک ہیں اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا.

Leave a reply