جمعرات، 5 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا عمل روک دیا


الیکشن کمیشن کا خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلہ , صوبے میں انتخابی عمل تاحکم ثانی روک دیا ،ایمرجنسی کے نفاذ والے اضلاع کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی انتخابات موخر کر دیئے گئے-


الیکشن کمیشن کی جانب سے 5 نومبر 2026 کو جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیشن نے خیبرپختونخوا میں ان اضلاع کے علاوہ جہاں گورنر راج اورایمرجنسی کے بعد آئین کا آرٹیکل 140-اے معطل کیا گیا تھا، بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات بھی شروع کردیے گئے تھے۔


پریس ریلیز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر 2026 کو جاری کردہ آرڈر نمبر 3 کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکم نامے کی شق نمبر 2 زیرغور آئی، جس کے تحت آئین کے آرٹیکل 140-اے کی معطلی کا اطلاق پہلے سے مخصوص ا ضلاع کے علاوہ صوبے کے دیگر تمام اضلاع تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔


الیکشن کمیشن کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 140-اے صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے، جبکہ اس کی ذیلی شق 2 کے تحت مقامی حکومتوں کے انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔


پریس ریلیز کے مطابق کمیشن نے آرٹیکل 140-اے کی دیگر اضلاع میں بھی معطلی کے بلدیاتی انتخابات کےجاری عمل پر اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ غور و خوض کےبعد فیصلہ کیاگیا کہ وفاقی حکومت کے حکم نامے کے باعث خیبرپختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔


الیکشن کمیشن نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے اب تک کیے گئے تمام اقدامات تا حکمِ ثانی روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔