قدرت نے انسان کو ایک حسین اور متوازن ماحول عطا کیا ہے۔ صاف ہوا، شفاف پانی، سرسبز درخت اور کھلا آسمان زندگی کی بنیادی ضرورتیں ہیں۔ انسان کی زندگی کا دارومدار اسی ماحول پر ہے۔ مگر افسوس کہ انسان نے اپنی ہی سہولتوں کی خاطر اس خوبصورت نظام کو آلودگی کی نذر کر دیا ہے۔ آج فضا میں پھیلا ہوا دھواں، آنکھوں کو چبھنے والی دھند اور سانسوں میں اترتی زہریلی ہوا ہمارے اجتماعی طرزِ عمل کا نوحہ بن چکی ہے۔ فوگ اور سموگ کا بڑھتا ہوا مسئلہ صرف موسم کی تبدیلی نہیں، بلکہ انسانی صحت اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
فوگ دراصل سرد موسم میں فضا میں موجود آبی بخارات سے بننے والی قدرتی دھند ہے۔ یہ وقتی ہوتی ہے اور سورج نکلتے ہی چھٹ جاتی ہے۔ اس کے برعکس سموگ دھوئیں اور دھند کے ملاپ سے پیدا ہونے والی زہریلی فضا ہے۔ یہ قدرتی نہیں بلکہ انسانی غفلت کی پیدا کردہ ہے۔ گاڑیوں کا دھواں کارخانوں کی زہریلی گیسیں، کوڑا کرکٹ جلانا، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانا اور تعمیرات سے اٹھنے والی گرد اس آلودگی کو بڑھاتی ہے۔ جب یہ مضر مادے فضا میں جمع ہو جاتے ہیں تو سانس لینا بھی دشوار ہو جاتا ہے اور پورا شہر ایک زہریلی چادر میں لپٹ جاتا ہے۔
اس آلودگی کا سب سے بڑا نقصان انسانی صحت کو پہنچتا ہے۔ آنکھوں میں جلن، گلے کی خراش، کھانسی، سانس میں تنگی اور پھیپھڑوں کی بیماریاں اس کے عام اثرات ہیں۔ بچے، بزرگ اور سانس کے مریض اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ بچوں کے پھیپھڑے ابھی کمزور ہوتے ہیں اس لیے زہریلی ہوا ان پر جلد اثر کرتی ہے۔ بزرگوں کی قوتِ مدافعت کم ہوتی ہے اس لیے وہ بھی اس کا شکار ہو جاتے ہیں۔ یہ کتنی تشویش ناک بات ہے کہ جس ہوا کو زندگی کی علامت ہونا چاہیے، وہی آج موت کا پیغام بنتی جا رہی ہے۔
سموگ صرف صحت کو ہی نہیں بلکہ روزمرہ زندگی کو بھی متاثر کرتی ہے۔ دھند کے باعث سڑکوں پر حادثات بڑھ جاتے ہیں۔ موٹروے اور شاہراہیں بند ہو جاتی ہیں۔ پروازیں منسوخ ہو جاتی ہیں اور تعلیمی ادارے بند کرنے پڑتے ہیں۔ کاروبار اور مزدوری متاثر ہوتی ہے۔ یوں یہ مسئلہ صرف ماحول کا نہیں بلکہ معیشت اور معاشرت کا بھی بن جاتا ہے۔
ہمارے شہروں میں سموگ کے بڑھنے کی ایک بڑی وجہ ماحولیاتی قوانین پر عمل نہ ہونا اور ہماری اجتماعی بے حسی ہے۔ ہم صاف ماحول تو چاہتے ہیں، مگر اپنی ذمہ داری ادا کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ سڑکوں پر دھواں چھوڑتی گاڑیاں، جگہ جگہ جلتا ہوا کچرا اور درختوں کی بے دریغ کٹائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے ترقی کا مطلب صرف عمارتیں، سڑکیں اور کارخانے سمجھ لیا ہے۔ حالانکہ حقیقی ترقی وہ ہے جو انسان کی زندگی کو محفوظ اور ماحول کو صحت مند بنائے۔
اس مسئلے کا حل صرف حکومتی اعلانات یا عارضی پابندیوں میں نہیں، بلکہ مستقل اور سنجیدہ اقدامات میں ہے۔ کارخانوں کے دھوئیں کی نگرانی، گاڑیوں کے دھوئیں پر قابو، بہتر عوامی آمدورفت، شجرکاری کو فروغ، کچرا جلانے کی روک تھام اور ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل ناگزیر ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ماحولیاتی قوانین کو صرف کاغذوں تک محدود نہ رکھے بلکہ ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور کارخانوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی چاہیے کہ غیر ضروری سفر سے بچیں، گاڑیوں کی درست دیکھ بھال کریں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں۔ اگر ہر شخص اپنی گاڑی کا دھواں درست کروا لے، کچرا جلانے کے بجائے اسے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائے اور ایک درخت لگائے تو ماحول میں واضح بہتری آ سکتی ہے۔ تبدیلی ہمیشہ اپنی ذات سے شروع ہوتی ہے۔
تعلیمی اداروں اور ذرائع ابلاغ کو بھی ماحولیاتی شعور بیدار کرنا چاہیے۔ نئی نسل کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ درخت لگانا صرف ایک مہم نہیں، بلکہ آنے والی نسلوں کے حقِ زندگی کا تحفظ ہے۔ قدرتی وسائل ہماری ملکیت نہیں، بلکہ امانت ہیں۔ انہیں محفوظ حالت میں اگلی نسلوں تک پہنچانا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔وقت کا تقاضا ہے کہ ہم دھند اور سموگ کو محض موسمی کیفیت سمجھ کر نظرانداز نہ کریں۔ یہ ہماری اجتماعی کوتاہیوں کا نتیجہ اور آنے والے کل کے لیے ایک سنجیدہ انتباہ ہے۔ اگر آج ہم نے اپنی روش نہ بدلی تو آنے والی نسلیں ہمیں اس بات کا ذمہ دار ٹھہرائیں گی کہ ہم نے انہیں ایسا ماحول دیا جہاں صاف ہوا نعمت نہیں، بلکہ نایاب آسائش بن گئی۔
یاد رکھیے! صاف فضا کسی ایک فرد، ادارے یا حکومت کی ضرورت نہیں، بلکہ ہر ذی روح کا بنیادی حق ہے۔ ماحول کی حفاظت دراصل زندگی کی حفاظت ہے، اور اس سے غفلت اپنے ہی مستقبل سے غفلت ہے۔ آئیے اس عہد کو نبھانا شروع کریں۔
مزید پڑھیں





