صبح کے دس بج رہے تھے۔ مہرین باورچی خانے میں اپنی والدہ کے ساتھ کام کر رہی تھی۔ والدہ کے ہاتھوں میں سبز چوڑیاں تھیں جو ہر حرکت کے ساتھ مدھم سی آواز پیدا کر رہی تھیں۔ مہرین کی نگاہ بار بار ان چوڑیوں پر ٹھہر جاتی۔
امی جی! آپ کو ہری چوڑیاں اتنی پسند کیوں ہیں؟
اس نے پوچھا۔
والدہ نے مسکرا کر جواب دیا، یہ تمہارے والد کی پسند تھیں۔ جب ہماری شادی ہوئی تھی تو وہ میرے لیے پہلی مرتبہ یہی چوڑیاں لائے تھے۔
مہرین نے مسکرا کر دوبارہ اپنا کام شروع کر دیا، مگر اسے کیا معلوم تھا کہ ان معمولی سی چوڑیوں کے پیچھے ایک طویل داستان پوشیدہ ہے۔مہرین ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتی تھی۔ والد ایک نجی ادارے میں ملازمت کرتے تھے۔ آمدنی محدود تھی، مگر گھر میں محبت اور باہمی احترام کی کمی نہ تھی۔ والدہ گھر کے تمام معاملات بڑی سلیقہ مندی سے سنبھالتی تھیں۔ وہ اپنی ضرورتوں کو ہمیشہ گھر کے دوسرے افراد کی ضروریات کے بعد رکھتے۔ایک دن والدہ کی طبیعت خراب ہوگئی۔ مہرین نے دیکھا کہ ان کے ہاتھوں میں پہنی ہوئی چند چوڑیاں ٹوٹ چکی تھیں۔ اس نے فوراً کہا، امی جی! آپ نئی چوڑیاں کیوں نہیں لے لیتی؟والدہ نے معمول کے مطابق بات ٹال دی۔ ابھی ان کی کیا ضرورت ہے؟ گھر میں اور بھی کام ہیں۔مہرین جانتی تھی کہ یہ محض ایک جواب نہیں، بلکہ ان کی عادت تھی۔ وہ اپنی چھوٹی چھوٹی خواہشوں کو بھی غیر ضروری سمجھ کر مؤخر کر دیتی تھیں۔چند دن بعد مہرین بازار گئی۔ واپسی پر اس کے ہاتھ میں ایک چھوٹا سا لفافہ تھا۔ گھر آتے ہی اس نے والدہ کو آواز دی۔
امی جی! ذرا ادھر آئیے۔
والدہ کمرے سے باہر آئیں تو مہرین نے لفافہ ان کے ہاتھ میں تھما دیا۔ اندر سبز رنگ کی خوب صورت چوڑیاں تھیں۔
یہ کس لیے لے آئی ہو؟ والدہ نے حیرت سے پوچھا۔
آپ کے لیے۔ آپ ہمیشہ ہم سب کی ضرورتوں کا خیال رکھتی ہیں، مگر اپنی پسند کو بھول جاتی ہیں۔ آج میں نے سوچا کہ آپ کے ہاتھ بھی خوشی سے سجنے چاہییں۔
والدہ نے چوڑیاں نکالیں۔ ان کی نگاہ چند لمحے ان پر ٹھہری رہی۔ پھر انہوں نے آہستگی سے انہیں اپنی کلائیوں میں پہن لیا۔
اسی وقت والد گھر میں داخل ہوئے۔ چوڑیوں کی کھنک سن کر ان کی نظر والدہ کے ہاتھوں پر پڑی۔
ارے! آج پھر ہری چوڑیاں؟ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا۔
والدہ نے مہرین کی طرف دیکھا اور بولیں، یہ ہماری بیٹی لائی ہے۔
والد نے خوش ہوکر کہا، اچھا کیا بیٹی! تم نے اپنی ماں کی ایک پرانی پسند زندہ کر دی۔
مہرین کے لیے یہ چند جملے کسی بڑے اعزاز سے کم نہ تھے۔
رات کو جب سب اپنے اپنے کمروں میں چلے گئے تو مہرین نے والدہ کو خاموش بیٹھے دیکھا۔ وہ ان کے پاس جا کر بیٹھ گئی۔
امی! آپ اداس ہیں؟
والدہ نے اس کے سر پر ہاتھ پھیرا۔
’’نہیں بیٹی، بس یہی سوچ رہی ہوں کہ اولاد جب والدین کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کا خیال رکھنے لگے تو زندگی کی محنت بامعنی محسوس ہونے لگتی ہے۔
مہرین نے ان کا ہاتھ تھام لیا۔
اسے پہلی مرتبہ شدت سے احساس ہوا کہ والدین کی محبت کا جواب ہمیشہ بڑے تحفوں سے نہیں دیا جاتا۔ کبھی بازار سے لائی ہوئی چند چوڑیاں بھی برسوں کی بے لوث خدمت کا اعتراف بن جاتی ہیں۔
اس رات گھر میں کوئی تقریب نہیں تھی، نہ کوئی خاص دن تھا، مگر والدہ کی کلائیوں میں کھنکتی ہری چوڑیاں اس گھر کی سب سے خوب صورت خوشی بن گئی تھیں۔
بعض خوشیاں قیمت سے نہیں، احساس سے پہچانی جاتی ہیں؛ اور بعض رشتوں کی قدر تب سمجھ آتی ہے جب ہم ان کی چھوٹی چھوٹی خواہشوں کو اہمیت دینا سیکھ لیتے ہیں۔
مزید پڑھیں






