رکشہ موٹر سائیکل اور ٹریفک کا مزاح، تحریر:عظمیٰ شیخ
نقطہ نظرہمارے شہر کی سڑک پر نکلنا کسی عام کام نہیں یہ ایک پورا امتحان ہے۔ جو شخص صبح ہنستا ہوا گھر سے نکلے اور شام کو بھی ہنستا ہوا واپس آ جائےتوسمجھ لیں وہ کے ٹو کی چوٹی سر کر کے آیا ہے اور اس بہادری پر اسے تمغہ شجاعت بھی ملنا چاہیے۔
میں کل ایک ضروری کام سے بازار جا رہی تھی، گھر سے نکلتے ہی میں نے رکشہ روکا رکشے والا بھائی اتنی تیزی سے آیا جیسے وہ میرےہی انتظار میں بیٹھا تھا میرے بیٹھتے ہی اس نے رکشہ ایسے بھگایا جیسے پیچھے کوئی ڈاکو لگے ہوں،میں نے ڈرتے ڈرتے کہا، بھائی تھوڑا آرام سے چلائیں مجھے کوئی جلدی نہیں ہے۔
وہ مسکرا کر بولا، باجی آرام سے چلاؤں گا تو آپ کو ٹریفک میں پھنسا دوں گا بس آپ بس دعا کریں میں آپ کو اڑا کر لے جاؤں گا۔
میں نے دل میں کہا، بھائی اڑانے کی ضرورت نہیں،بس سلامتی کے ساتھ گھرپہنچا دو کافی ہے۔
ابھی ہم تھوڑا ہی آگے گئے تھے کہ سامنے سے ایک موٹرسائیکل والا آ گیا۔ اللہ کی پناہ وہ کیا منظر تھا ایک ہاتھ سے اس نے موبائل کان سے لگایا ہوا تھا دوسرے ہاتھ سے ہینڈل پکڑرکھا تھا اور درمیان میں اس کا چھوٹا بیٹا بیٹھا چپس کھا رہا تھااور پیچھے اس کی بیوی بیٹھی تھی جس نے ایک ہاتھ میں چھوٹا بچہ اور دوسرے ہاتھ میں شاپنگ بیگ پکڑا ہوا تھا۔ میں نے سوچا یہ موٹرسائیکل ہے یا پورا خاندان سمیٹ کر چلنے والا چھوٹا سا ٹرک؟
ہماری سڑکوں کا تع اپنا ہی قانون ہ نافذ ہےسگنل لال ہو تو سب رک جاتے ہیں، لیکن ایک آدمی ضرور ایسا ہوتا ہے جو سب کو حیران کر کے آگے نکل جاتا ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے اس نے سگنل دیکھا ہی نہیں یا اس نے سوچا ہو کہ یہ سگنل صرف دوسروں کے لیے ہے، میرے لیے نہیں۔
اور جب سگنل سبز ہوتا ہے، تو پیچھے سے ہارن بجنا شروع ہو جاتا ہے اورشور اتنا کہ کان پک جائیں، ایسا لگتا ہے سب کو بہت جلدی ہے۔ کوئی سبزی لینے جا رہا ہے، کوئی بچے کو اسکول سے لینے جا رہا ہے، لیکن ہارن ایسے بجاتے ہیں جیسے کسی مریض کو اسپتال لے جا رہے ہوں۔
سب سے زیادہ مزہ تو اس وقت آتا ہے جب رکشے والا اور موٹرسائیکل والا آپس میں بحث کرنے لگتے ہیں۔ ایک دن ایسا ہی ہوا ہمارے رکشے کے سامنے ایک موٹرسائیکل والا اچانک آ گیا، رکشے والے نے بریک ماری اور چلایا، او بھائی اشارہ تو دے دیتےـ
موٹرسائیکل والا بولا، اشارہ دیا تو تھا مگر تم نے دیکھا ہی نہیں۔
رکشے والا بولا، "تمہاری لائٹ ہی نہیں جل رہی، اشارہ کہاں سے دیکھتا؟"
موٹرسائیکل والا بولا، "تم رکشہ چلاتے ہو یا جہاز؟"
اور میں بیچ میں بیٹھی سوچ رہی تھی، بھائیو،میں نے کرایہ دیا ہے، تم لوگوں کی بحث سننے کے لیے نہیں بیٹھی مجھے تو بازار جانا ہے۔
ایک دن تو حد ہی ہو گئی، سڑک پر اتنا رش تھا کہ رکشہ آگے ہی نہیں بڑھ رہا تھا۔ میں نے پوچھا، بھائی، آگے کیا ہوا ہے؟
وہ بولاباجی آگے ایک گائے سڑک کے بیچ میں کھڑی ہےاور لوگ اس کو ہٹانے کے بجائے اس کے ساتھ سیلفی لے رہے ہیں۔
میں نے باہر جھانک کر دیکھا تو واقعی ایک گائے مزے سے کھڑی تھی، اور تین چار نوجوان اس کے ساتھ تصویر بنا رہے تھے۔ گائے بھی اتنی پرسکون تھی جیسے وہ بھی سوچ رہی ہو، میری بھی فین فالوونگ ہے۔
ہماری سڑکوں پر پیدل چلنے والوں کا بھی اپنا ہی مزاح ہے۔ ایک طرف زیبرا کراسنگ بنی ہوتی ہے، لیکن لوگ اس کو چھوڑ کر کہیں سے بھی سڑک پار کر لیتے ہیں۔ کبھی کبھی تو ایسا لگتا ہے جیسے لوگ سڑک پار نہیں کر رہےموت کو دعوت دے رہے ہیں اور جب گاڑی والا ہارن بجائے تو وہ اس کو ایسے گھورتے ہیں جیسے غلطی گاڑی والے کی ہو۔
پھر بارش ہو جائے تو توبہ توبہ سڑک پر پانی، کیچڑ اور ہر طرف رکشے، موٹرسائیکلیں پھنسی ہوتی ہیں رکشے والا کہتا ہے، باجی، آگے پانی بہت ہے یہاں اتر جائیں میں کہتی ہوں بھائی مجھے تو وہاں جانا ہے۔ رکشے والا بڑے آرام سے فرماتا ہے،باجیوہاں تک رکشہ نہیں کشتی جائے گی۔
سچ یہ ہے کہ ہماری ٹریفک میں غصہ نہیں صبر چاہیے۔ یہاں ہر روز ایک نیا تماشا دیکھنے کو ملتا ہے کبھی کوئی موٹرسائیکل پر پورا فرج لے جا رہا ہوتا ہےتو کبھی کوئی رکشے پر اتنا سامان لاد لیتا ہے کہ رکشہ نظر ہی نہیں آتا،صرف سامان چلتا ہوا نظر آتا ہے۔
لیکن ایک بات ضرور ہے۔ اسی ٹریفک اسی شوراسی رش میں ہماری زندگی کی اصل کہانی چھپی ہوتی ہے۔ یہی رکشے والا جب آپ کو پہچان لیتا ہے تو کہتا ہے، باجی! آپ تو روز یہیں سے جاتی ہیں نا؟یہ ہی موٹرسائیکل والا جب آپ کو راستہ دیتا ہے تو دل خوش ہو جاتا ہے۔
اس لیے میں کہتی ہوں ہماری سڑک پر سفر کرنا صرف سفر نہیں بلکہ ایک مزاحیہ ڈرامہ ہے جس پر کبھی ہنسی آتی ہے،اورکبھی غصہ آتا لیکن آخر میں جب ہم گھر پہنچتے ہیں تو سوچتے ہیں, چلوجی آج بھی بچ بھی گئے اور خیریت سے پہنچ بھی گئے ـ
اس بات پردل بے اختیار اس بات پر کہتا ہےـ
ا جو روز اس ٹریفک سے گزر کر بھی مسکراتا رہے،وہی اصل مزاح نگار ہے۔
مزید پڑھیں





