Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کرم میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 12 خوارج اور افغان طالبان ہلاک

Pakistan Intensifies Nationwide Counterterrorism Operations; Key Militants Killed Across KP, Balochistan | Baaghi TV

سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 12 خوارج اور افغان طالبان کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار ہدایت امان شہید ہوگئے۔


پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 اکتوبر کو افغانستان سے پاکستان کی جانب بین الاقوامی سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلا، جس پر سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کی۔


آئی ایس پی آر کے مطابق دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کے دوران افغان طالبان کی چوکیوں سے بھی خوارج کی معاونت میں فائرنگ کی گئی, سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور درست نشانہ بازی سے کارروائی کرتے ہوئے 12 خوارج اور افغان طالبان کو ہلاک کردیا, شدید فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار ہدایت امان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید کی عمر 40 سال اور تعلق ضلع غذر سے تھا۔


آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ افغان طالبان حکومت کی جانب سے اپنی سرزمین دہشتگرد تنظیموں کے استعمال کو روکنے میں ناکامی اور سرحد پار دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتا ہے۔ بیان میں افغان طالبان حکومت پر بین الاقوامی انسدادِ دہشتگردی کی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔


آئی ایس پی آر بیان کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آ پریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیور ٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔