اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات مزید 2 ہفتے کے لیے ملتوی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات معطل رکھنے کے عبوری حکم میں مزید 2 ہفتوں کی توسیع کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے درخواستو ں پر پیراوائز کمنٹس طلب کرلیے۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزاروں کی جانب سے بیر سٹر عادل عزیز قاضی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم امتناع کے بعد کمیشن نے انتخابی شیڈول معطل کردیا تھا۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ ابھی تک حل نہیں ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب درخواست گزاروں کے مطابق کسی وارڈ میں صرف 2 وو ٹرز ہیں تو انتخابات کیسے کرائے جا سکتے ہیں؟
عدالت نے الیکشن کمیشن حکام سے استفسار کیا کہ کیا حلقہ بندیوں کا عمل 2015 کے قا نون کے مطابق مکمل کیا گیا تھا؟الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کمیشن نے اپنے فیصلے کی وجوہات پر مشتمل تفصیلی حکم نامہ جاری کیا تھا,متعلقہ قانون کے مطابق حلقہ بندیوں کی مشق چھ مرتبہ مکمل کی گئی-
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر کمیشن نے باقاعدہ کارروائی کی تھی تو اس کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جا سکتی تھی انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد کیا الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں میں تبدیلی کر سکتا ہے؟
جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کو عدالت کو مطمئن کرنا ہوگا کہ حلقہ بندیوں کا عمل قانون کے مطابق مکمل کیا گیا ہے, اس معاملے پر پہلے بھی متعدد درخواستیں دائر ہو چکی ہیں, درخواست گزاروں کامؤقف ہےکہ انہیں یہ تک معلوم نہیں کہ وہ کس وارڈ میں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ کمیشن نے متعلقہ قانون کے مطابق حلقہ بندیاں مکمل کی تھیں اور 14 اکتوبر کو حکم نامہ جاری کرکے اس عمل کو مکمل قرار دیا تھا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔
مزید پڑھیں



